ایسے عہدوں سے کوئی دلچسپی نہیں جس میں عوام کی خدمت نہ کر سکوں،امیرمقام،ماضی گواہ ہے ،عوام کی خدمت ہی میرا مقصد اور مشن ہے ،پارٹی قائد ین سے مکمل رابطے میں ہوں ، ورکر مایوس نہ ہوں ،بلدیاتی الیکشن کی بھر پور تیاری کریں ،انشاء اللہ جلد کامیابی حاصل کرلیں گے، اجلاس سے خطاب

اتوار 16 مارچ 2014 20:02

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16مارچ۔2014ء) وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ وہ سیاست خدمت خلق سمجھ کر کر رہے ہیں انہیں ایسے عہدوں سے کوئی دلچسپی نہیں جس میں عوام کی خدمت نہ کر سکوں ،میرا ماضی گواہ ہے عوام کی خدمت ہی میرا مقصد اور مشن ہے ،خیبر پختونخوا اور فاٹا کے عوام اور مسلم لیگی ورکروں کے جذبات اور تحفظات کا پورا پورا احساس ہے پارٹی قائد میاں محمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے مکمل رابطے میں ہوں انشاء اللہ بہت جلد کامیابی حاصل کرلیں گے، ورکر مایوس نہ ہوں اور بلدیاتی الیکشن کی بھر پور تیاری کریں ان خیالات کا اظہار انہوں نے پورن ہاؤس سنگوٹہ سوات میں مٹہ کے پارٹی قائدین ورکروں اور علاقائی عمائدیں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ اس دور میں کوئی عہدہ نہیں چھوڑتا ،کوئی یونین کونسل کی کونسلری سے بھی مستعفی نہیں ہوتا لیکن میں نے زرداری دور میں پارٹی کارکنوں اور ورکروں کے مشورے پر وفاقی وزارت کو بھی لات مار دی ،انہوں نے کہا کہ ان کیلئے پارٹی ورکر ز کی محبت سب سے بڑا سرمایہ ہے،انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ پارٹی ورکر ز کے حقوق کا تحفظ اپنا اولین فرض سمجھتا ہوں ،انہوں نے کہا کہ بہت جلد انشاء اللہ ورکروں کے تحفظات دور کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے ،اس موقع پر مٹہ کے قائدین سابق صوبائی وزیر دوست محمد خان ،فتح محمد خان کے فرزند عظمت علی خان ، شاہ عالم خان ، عبداللہ خان ،منظور علی خان ،حیات خان ایڈوکیٹ ،اختر خان درشخیل ،عزیز خان جنکی خیل ، لیاقت خان ایڈووکیٹ ، افضل ناظم ،ہارون رشید خان ،اور دیگر اہم شخصیات علاقائی عمائدین اور مسلم لیگی ورکروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ،اور انجینئر امیر مقام کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان کے شانہ بہ شانہ ہر محاذپر کام کریں گے اور انشاء اللہ مستقبل پاکستان مسلم لیگ (ن) ہی کا ہوگا ۔