تبدیلی کا سفر معیاری تعلیم کے ذریعے ہی کامیابی سے ہمکنار ہوگا ،شاہ فرمان،جب تک ہم اپنی آنے والی نسلوں کو معیاری تعلیم سے آراستہ نہیں کریں گے ترقی و خوشحالی کا حصول خواب ہی رہے گا، وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا

پیر 17 مارچ 2014 20:01

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17مارچ۔2014ء) خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ شاہ فرمان نے کہا ہے کہ تبدیلی کا سفر معیاری تعلیم کے ذریعے ہی کامیابی سے ہمکنار ہوگا جب تک ہم اپنی آنے والی نسلوں کو معیاری تعلیم سے آراستہ نہیں کریں گے ترقی و خوشحالی کا حصول خواب ہی رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز پشاور کے علاقہ حیات آباد میں مختلف امتحانی مراکزکے اچانک دورے کے موقع پر کیااس موقع پر انہوں نے مختلف امتحانی مراکزمیں امتحانی عمل کا جائزہ لیا اور ڈیوٹی پر مامور سٹاف سے نگرانی کے طریقہ کار کے بارے میں معلومات بھی حاصل کیں وزیر اطلاعات کو بتایاگیاکہ امتحانی عمل کی نگرانی پر حکومتی احکامات کی روشنی میں بھرپور توجہ دی جا رہی ہے اور امتحانی عمل کی شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے امتحانی مراکز کے احاطہ میں دفعہ144 کے نفاذ کے علاوہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ سے بھی نگرانی کی جا رہی ہے ۔

(جاری ہے)

شاہ فرمان نے انتظامی عملہ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ امتحانی مراکزمیں نقل کے رحجان کے خاتمہ اور بوٹی مافیا کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے شاہ فرمان نے کہا کہ حکومت تعلیمی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کر سکتی۔امتحانی عمل کو خراب کرنے اور نقل کے رجحان کو فروغ دینے والے عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی۔وزیر اطلاعات نے طلباء پر زور دیتے ہوئے کہا کہ محنت اور قابلیت سے جو مقام حاصل کیا جا سکتا ہے وہ نقل کے ذریعہ ممکن نہیں انہوں نے کہا کہ نقل کا سہارا لینے والے طلباء نہ صرف قابل اور محنتی طلباء کا حق مارتے ہیں بلکہ اپنے والدین کو بھی دھوکہ دیتے ہیں انہوں نے اساتذہ اور والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ بچوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دیں اور نقل کی لعنت کے خاتمہ کیلئے حکومتی کوششوں میں بھرپور ساتھ دیں۔