لاپتہ ملائیشین طیارے پر موجود تمام چینی باشندوں کی جانچ پڑتال کر لی گئی ،کسی کا بھی دہشتگردی سے کوئی تعلق نہیں تھا‘ چینی سفیر

منگل 18 مارچ 2014 16:58

لاپتہ ملائیشین طیارے پر موجود تمام چینی باشندوں کی جانچ پڑتال کر لی ..

کوالا لمپور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18مارچ 2014ء) ملائیشیا میں چینی سفیر نے کہا ہے کہ لاپتہ ملائیشین طیارے پر موجود تمام چینی باشندوں کی جانچ پڑتال کر لی گئی ہے اور ان میں سے کسی کا بھی دہشتگردی سے کوئی تعلق نہیں تھا۔اس بیان سے یہ قیاس آرائیاں دم توڑ گئی ہیں کہ چین کے مغربی صوبے سنکیانگ کے اوئیگر علیحدگی پسندوں کا آٹھ مارچ کو لاپتہ ہونے والے 239 مسافروں کے حامل بوئنگ 777 کی گمشدگی میں ہاتھ ہے۔

اس طیارے میں 154 چینی مسافر موجود تھے جہاں ملائیشین حکام نے کہا تھا کہ جہاز پر موجود کسی شخص نے جان بوجھ کر اس کا رخ بیجنگ کی جانب موڑنے کی کوشش کی، اس طیارے کی تلاش میں تاحال بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن جاری ہے۔سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق ملائیشیا میں چینی سفیر ہوانگ ہوئی کانگ نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ جہاز پر موجود چینی باشندوں کے حوالے سے تمام جانچ پڑتال کی گئی لیکن کسی کے بھی طیارے کے اغوا ء یا دہشتگردی میں ملوث ہونے کے شواہد نہیں ملے۔

(جاری ہے)

ملائیشین پولیس طیارے کے پائلٹ انجینئر اور پائلٹس کے حوالے سے تحقیقات کر رہی ہے جبکہ انٹیلی ایجنسیوں کو بھی طیارے میں موجود دیگر ملکوں کے افراد کے حوالے سے جانچ پڑتال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ملائیشین حکام کے مطابق فلائٹ پر موجود کسی شخص نے مواصلات کے آلے کے دو اہم حصوں کو بند کر دیا جس کے باعث طیارے کا پتہ لگانا ناممکن ہو گیا۔ سیٹلائٹ ڈیٹا کے مطابق یہ آخری دفعہ وسطی ایشیا یا بحر ہند کے درمیان کسی علاقے میں موجود ہو گا۔

ہوئی کانگ کے مطابق چینی حکام نے اپنے علاقے میں طیارے کی تلاش شروع کر دی ہے۔ملائیشین پولیس کا کہنا ہے کہ وہ ممکنہ اغواء ، سبوتاژ، دہشتگردی، پائلٹ یا طیارے میں موجود دیگر افراد کی دماغی حالت سمیت تمام پہلوؤں پر تحقیقات کر رہے ہیں لیکن تاحال ابھی تک اس حوالے سے کوئی بھی نئی پیشرفت سامنے لانے سے قاصر ہیں۔ملائیشین فوجی ریڈار نے آٹھ مارچ کو کولالمپور سے اڑنے کے ڈیڑھ گھنٹے بعد رات دو بجکر 14 منٹ پر ملاکا کے اطراف میں دیکھا تھا اور یہی وہ جگہ ہے جہاں آخری بار طیارے کی موجودگی کی تصدیق ہو سکی تھی۔