پاکستان اور اسلامی جمہوریہ ایران کے دیرینہ تعلقات کئی عشروں پر محیط ہیں،عنایت اللہ ، دونوں ممالک کے عوام کے دلوں میں ایک دوسرے کیلئے خیر سگالی کے جذبات گزرتے وقت کیساتھ گہرے اور مضبوط ہو رہے ہیں،ایرانی قونصل جنرل سے ملاقات

منگل 18 مارچ 2014 19:48

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18مارچ۔2014ء) خیبر پختونخوا کے وزیر بلدیات عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور اسلامی جمہوریہ ایران کے دیرینہ تعلقات کئی عشروں پر محیط ہیں دونوں ممالک کے عوام کے دلوں میں ایک دوسرے کے لئے خیر سگالی کے جذبات گزرتے وقت کے ساتھ گہرے اور مضبوط ہو رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار وزیر بلدیات نے منگل کے روز پشاور میں تعینات ایران کے قونصل جنرل حسن درویش وند سے ایرانی قونصلیٹ میں ملاقات کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر جماعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکرٹری اور سابقہ ایم این اے شبیر احمد خان بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران باہمی مفاد کے مختلف امور زیر بحث آئے۔ایران کے قونصل جنرل حسن درویش وند نے صوبائی وزیر بلدیات کو صوبہ خیبر پختونخوا اور باالخصوص پشاور شہر کی ترقی اور اس کی عظمت رفتہ کی بحالی کے لئے تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ ایران پشاور شہر کی ترقی کے لئے بھرپور مدد اور تعاون فراہم کرے گا۔

(جاری ہے)

ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق ہواکہ دونوں ممالک کے تجربات سے استفادہ حاصل کرنے کے لئے باہمی روابط کو مزید بڑھایا جائے گا اور اس سلسلے میں بہت جلد وفود کا تبادلہ بھی کیا جائے گا۔وزیر بلدیات عنایت اللہ خان نے قونصل جنرل کی پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کی بھرپور مدد کی ہے اور امید ظاہر کی کہ آنے والے وقتوں میں بھی دونوں اسلامی ممالک کے تعلقات اور عوام میں رابطے مزید بڑھیں گے۔

متعلقہ عنوان :