پاکستان تحریک انصاف کی خواتین کارکن پارٹی کا پیغام گھر گھر پہنچائیں ،پرویزخٹک،میر ی حکومت کا جو شخص بد عنوانی یا نوکریاں بیچتے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا تو پہلے اُسے گھر بھیجوں گا پھر خود بھی استعفیٰ دیکر گھر بیٹھ جاؤنگا، ہماری شہری و دیہی خواتین اپنے حقوق و فرائض سے آگاہ ہوں تو عوام کے آدھے سے زیادہ مسائل خود بخود حل ہو سکتے ہیں ،وزیراعلیٰ خیبرپختونخواکی خواتین کے وفدسے بات چیت

منگل 18 مارچ 2014 20:32

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18مارچ۔2014ء) خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے پاکستان تحریک انصاف کی خواتین کارکنوں پرزور دیا ہے کہ وہ پارٹی کا پیغام گھر گھر پہنچائیں کیونکہ اس طرح وہ مرد کارکنوں سے زیادہ بہتر اور فعال کردار ادا کر سکتی ہیں ہم ذاتی سوچ اور مفادات کے خول سے باہر نکل کر عمران خان کا ویژن اپنائیں اور تبدیلی کے ایجنڈے پر سختی سے عمل پیرا ہوں تو اگلا سال یہاں ترقی اور خوشحالی کا سال ثابت ہو گا اُنہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی دور میں پلاٹ، پرمٹ اور سرکاری نوکریاں بیچنے کے واقعات قصہ پارینہ بن چکے ہیں ہمارے کارکن ثابت کریں کہ وہ نہ صرف خدمت خلق کے جذبے سے سرشار ہیں بلکہ قانون ،انصاف اور میرٹ کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں کارکن اور عوام دونوں تسلی رکھیں کہ موجودہ صوبائی حکومت سرکاری محکموں کے ساتھ ساتھ پورے معاشرے سے کرپشن، اقرباء پروری ،ظلم و زیادتی اور دیگر معاشرتی برائیوں کا ہر قیمت پر قلع قمع کر ئے گی جس کیلئے ہم پوری تندہی سے کوشاں ہیں کارکن حکومت کی کارکردگی پر کڑی نظررکھیں اور جہاں خرابی دیکھیں اس کی فوری نشا ندہی کریں تاکہ بروقت کاروائی کی جا سکے میں یقین دلاتا ہوں کہ میر ی حکومت کا جو شخص بد عنوانی یا نوکریاں بیچتے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا تو پہلے اُسے گھر بھیجوں گا پھر خود بھی استعفیٰ دیکر گھر بیٹھ جاؤں گا کیونکہ عوام کی نظریں ہم پر ہیں اور اگر کرپشن کے خلاف جہاد کرتے اس ناسور میں ہمار ا ہی آدمی ملوث ہو تو پھر ہمیں حکومت کا کوئی حق نہیں وہ پی ٹی آئی کی خواتین کارکنوں کے ایک وفد سے باتیں کر رہے تھے جس نے پی ٹی آئی کے ضلعی سیکرٹری جنرل یونس ظہیر اور خواتین ونگ پشاور کی ضلعی صدر رابعہ بصری کی زیر قیادت اُن سے اُنکے دفتر سی ایم سیکرٹریٹ پشاور میں ملاقات کی اور صحت کا انصاف پروگرام میں اپنی خدمات اور آئندہ لائحہ عمل سے اُنہیں آگاہ کرنے کے علاوہ کارکنوں اور اہل پشاور کے بعض مسائل پر روشنی ڈالی وزیر اعلیٰ نے صحت کا انصاف اور انتخابی مہم میں خواتین کارکنوں کے جاندار کردار کو سراہتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ صرف اتنے کام پر اکتفا کی بجائے وہ حالات کی نزاکت اور درپیش چیلنجوں سے عہدہ برآ ہونے کیلئے جذبہ خدمت کے تحت اجتماعی کوششیں جاری رکھی جائیں گی اُنہوں نے کہا کہ ہماری شہری و دیہی خواتین اپنے حقوق و فرائض سے آگاہ ہوں تو عوام کے آدھے سے زیادہ مسائل خود بخود حل ہو سکتے ہیں اور شعو ر و آگہی کا یہ عظیم کا م ہماری خواتین کارکن پایہ تکمیل تک پہنچا سکتی ہیں ہم نے خواتین ارکان اسمبلی پر بھی واضح کیا ہے کہ خواتین کی فلاح و بہبود سے متعلق قانون سازی اورترقیاتی و کاروباری سکیموں پر توجہ دیں تاکہ کم ازکم ہمارے صوبے میں خواتین کمزور اور بے آسرا نہ کہلائیں بلکہ اپنے پاؤں پر کھڑ اہونے کے علاوہ صحت مند اور اعلیٰ تعلیم یافتہ خاندان پروان چڑھا سکیں پرویز خٹک نے کہا کہ صوبے میں کنسلٹنٹ آگئے ہیں اور یہاں کرپشن و کمیشن مافیا سے پاک تعمیر و ترقی کا نیا دور شروع ہونے والا ہے ماضی کے برعکس موجودہ دور کی ترقیاتی سکیمیں معیاری اور بروقت تکمیل کی وجہ سے اپنی پائیداری کا منہ بولتا ثبوت ہوں گی اور اس کی مثالیں دی جائیں گی جن پر ہماری خواتین کارکنوں کو بھی فخر ہونا چاہیئے اُنہوں نے کہا کہ خواتین کارکن بلدیاتی انتخابات کیلئے بھی تیاری اور کام کا آغاز کریں اور سب پر واضح کریں کہ ہمارا بلدیاتی نظام منفر د اور طاقتور نظام ثابت ہو گا جس میں ویلج کونسل کی سطح پر تمام مقامی اختیارات کے علاوہ صوبائی وسائل کے 30 فیصد فنڈز بھی منتقل ہوں گے اور ترقی ہوتی نظر آئے گی اُنہوں نے کہا کہ آج ہمارے پولیس نظام کو رول ماڈل گردانا گیا ہے اور اگلی باری صحت اور تعلیم کے محکموں کی ہے جن میں متعارف کی جانے والی اصلاحات اور تبدیلیاں اپنی مثال آپ ہوں گی اور اب کسی طبی یا تعلیمی ادارے میں عملہ غیر حاضر ملے گا اور نہ ہی مشینری خراب یا سہولیات نا کافی ملیں گی 2000 ڈاکٹروں کی کمی بھی بتدریج پوری کی جارہی ہے اسی طرح تمام محکموں میں بھرتیاں میرٹ اور قانون کیمطابق شفاف انداز میں ہوں گی اور آئندہ ملازمتیں اور ٹھیکے بیچنے کا رجحان ہمیشہ کیلئے ختم ہو جائے گا ایسے قوانین متعارف کئے گئے ہیں جن کے تحت لوٹ مار اور نا انصافی کا تصور بھی ممکن نہیں ہو گا ہر شہری کو اُس کا حق اور حکومتی خدمات خود کار نظام کے تحت ملیں گی ورنہ کسی بھی غفلت کا خمیازہ متعلقہ اہلکاروں کو بھگتنا پڑے گا اور شہری کا نقصان یا جرمانہ قصور وار کو اپنی جیب سے بھرنا پڑے گا خواتین ارکان نے پارٹی اور حکومت کے تبدیلی کے ایجنڈے پر عمل میں بھر پور تعاون اور پارٹی کا پیغام گھر گھر پہنچانے کا یقین دلاتے ہوئے واضح کیا کہ تبدیلی اور بہتری اب نظر آنے لگی ہے اور نہ صرف کارکن بلکہ عام لوگ بھی تھانہ ، پٹوار، سکول و ہسپتال اوردیگر سرکاری اداروں میں خدمات کی بہتری محسوس کرنے لگے ہیں جس کی بدولت اُن کا سر بھی فخر اور خوشی سے بلند ہونے لگا ہے۔