سپریم کورٹ کا صوبوں کو 15 نومبر تک بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم

بدھ 19 مارچ 2014 15:55

سپریم کورٹ کا صوبوں کو 15 نومبر تک بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19مارچ 2014ء) سپریم کورٹ نے سندھ ، پنجاب اور خیبر پختونخوا کو 15 نومبر تک بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دے دیا۔چیف جسٹس پاکستان جسٹس تصدق حسین جیلانی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے بلدیاتی انتخابات سے متعلق متفرق درخواستوں کی سماعت کی، سماعت کے دوران صوبائی حکومت کی جانب سے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب مصطفیٰ رمدے نے رپورٹ پیش کی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ صوبے میں حلقہ بندیوں سے متعلق قانونی مسودے کی تیاری میں 25 روز لگیں گے، وزارت قانون اور صوبائی کابینہ سے منظوری میں 7 روز لگیں گے جس کے بعد کم از کم 5 روز میں صوبائی اسمبلی کا اجلاس طلب کیا جائے گا جس کی منظوری کے بعد گورنر سے منظوری میں 15 لگ جائیں گے۔

(جاری ہے)

ان تمام مراحل کی تکمیل کے بعد بلدیاتی انتخابات کا اعلان ہوگا اور یہ انتخابات 10 مراحل میں مکمل ہوں گے اور اس سارے عمل میں 4 ماہ کا عرصہ درکار ہے۔ عدالت نے سماعت مکمل کرتے ہوئے کیس پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

وقفے کے بعد عدالت نے اپنے مختصر فیصلے میں کہا ہے کہ آزادانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کا مینڈیٹ ہے۔ اس لئے بلدیاتی حلقہ بندیوں کا اختیار بھی الیکشن کمیشن کو دیاجائے۔ وفاق اور صوبائی حکومتیں 5 ماہ بلدیاتی نظام کے سلسلے میں قانون سازی کریں اور 15 نومبر تک بلدیاتی انتخابات کرادیئے جائیں۔