چار نسلیں قربان کرنے والے آج سڑکوں پر نکلنے کے لئے مجبور ہو چکے ہیں‘ملک اسحاق

بدھ 19 مارچ 2014 16:54

میرپور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19مارچ 2014ء) وطن عزیز پاکستان کے لیے قربانیاں دینے والے اپنی چار نسلیں قربان کرنے والے آج سڑکوں پر نکلنے کے لئے مجبور ہو چکے ہیں کیوں کسی نے یہ کبھی نہیں پوچھا حکومت آزاد کشمیر کے ایوانوں تک سیاستدانوں کی خاموشیاں اس بات کا اشارہ دے رہی ہیں کہ ان لوگوں کے لیے پاک سرزمین پر نہ تو جگہ ان کو مل سکتی ہے اور نہ ہی کوئی ہم سہارا دے سکتے ہیں نہ جانے اس کے پس پردہ کیاوجوہات ہیں ان خیالات کا اظہار ملک اسحق نے صحافیوں سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لاکھوں شہداء کے وارث آج آزاد کشمیر کے مختلف جگہوں میں رہائش پذیر ہیں اور ان کو سرچھپانے کے لیے جگہ بھی میسر نہیں اور نہ ہی ان کے گزارہ الاؤنس میں کوئی اضافہ کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا سب جھوٹے وعدے اور خیالی پلاؤ اورلولی پاپ دے کر ٹرخا دیا جاتا ہے اب پورے آزاد کشمیر میں تیس ہزار مہاجرین نے تہیہ کر رکھا ہے کہ دس اپریل کو جو مظفرآباد سیکرٹریٹ کے سامنے دھرنا دیا جائیگا اس میں آل آزاد کشمیر کو ٹلی میرپور اور تمام دیگر مقامات کے لوگ بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے اور احتجاج میں خواتین اور بچے بھی سینہ تان کر اپنے حقوق کے لیے سردھڑ کی بازی لگائیں گے اور تب ہی اٹھیں گے جب ہمیں تحریری طور پر نوٹیفکیشن گزارہ الاؤنس کا اضافہ اور شیلٹر اور ایک کنال اراضی اور تعلیم وصحت جیسی سہولیات میسر ہونگی اس وقت تک چاہے ایک ماہ ہمیں سیکرٹریٹ کے سامنے بیٹھنا پڑے تو ہم بیٹھیں گے ملک اسحق نے کہا کہ میں تمام مہاجرین سے یہ اپیل کرونگا کہ دس اپریل کا دن سرپر کفن باندھ کر آزاد کشمیر بیس کیمپ کے سیکرٹریٹ میں جمع ہو جائیں تاکہ ہم شہداء کے وارثوں کے لیے کوئی اچھا پیغام لے کر واپس آئیں میں حکومت پاکستان سے بھی اپیل کرونگا کہ وہ حکومت آزاد کشمیر کا مہاجرین 1990 ء کے ساتھ غلط رویے کا نوٹس لیں تاکہ ہمارے جو اصل پہچان ملت اسلامیہ اور تکمیل پاکستان اور الحاق پاکستان کی جو بنیاد مہاجرین نے رکھی ہوئی ہے وہ برقرار رہ سکے اور ہم امید کرتے ہیں کہ یہ جو ہمارے دلوں میں محبت کا نعرہ موجود ہے الحاق پاکستان جس کی رسی ہم نے مضبوطی سے پکڑی ہوئی ہے اس کو اللہ تعالیٰ مضبوطی سے تھما رکھے اور آخر میں پاکستان کی سلامتی اور وطن عزیز کے لیے ملک اسحق نے مل کر دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو دشمنوں کی نگاہ سے محفوظ رکھے۔

آمین