کریمیا کی طرح مقبوضہ کشمیر کے عوام کی جدوجہد آزادی بھی منطقی انجام تک پہنچ کر رہے گی‘میاں عبدالقیوم

جمعرات 20 مارچ 2014 14:43

سرینگر(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20مارچ 2014ء) ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کشمیر نے کہاہے کہ امریکی دباؤ کے باوجود کریمیا کے باشندوں نے بالآخر حق خودارادیت کے استعمال سے آزادی حاصل کی اور اسی طرح جموں وکشمیر کے عوام کی جدوجہد آزادی بھی اپنے منطقی انجام تک پہنچ کر رہے گی ۔بار ایسوسی ایشن کا ایک اجلاس زیر قیادت چئیرمین میاں عبدالقیوم (ایڈوکیٹ) منعقد ہوا جس میں کریمیا کی آزادی کے تناظر میں جموں کشمیر کے عوام کیلئے حق خود ارادیت کے معاملے پر سیر حاصل بحث ہوئی ۔

اس موقعے پر کہا گیا کہ انسانی حقوق کی عالمی قراردار اور بین الاقوامی کی رو سے ہر انسان آزاد پیدا ہوا ہے اور اسے ہر سطح پر آزاد رہنے کا حق ہے ۔ممبران نے کہاکہ کریمیا کے عوام حق خودارادیت کے حصول میں کامیاب ہوئے اور اپنے سیاسی مستقبل کا تعین کرنے میں کامیاب ہوئے ۔

(جاری ہے)

نیز کہا گیا کہ ریاست جموں وکشمیر کے عوام کو اگرچہ بین الاقوامی سطح پر حق خودارادیت حاصل ہے تاہم یہاں کے عوام اس حق کو حاصل کرنے کیلئے ابھی تک محو جدوجہد ہیں اور پچھلے 50برسوں سے یہاں منعقد کئے جانے والے انتخابات حق خودارادیت کا نعم البدل نہیں ہوسکتے ۔

اجلاس میں کہا گیا کہ حکومت ہند کو چاہئے کہ وہ بین الاقوامی قوانین اور ریاستی عوام کے ساتھ کئے گئے وعدوں کے مطابق یہاں کے عوام کو حق خودارادیت سے استفادہ کا موقع دیں اور کریمیا کے طرز پر یہاں بھی خودارادیت کا حق عوام کو دیں جس سے بھارت ،پاکستان اور جنوبی ایشیا ء کے ممالک پر امن ماحول میں رہیں ۔اس دوران بار ایسوسی ایشن نے سوامی وویکاندا سورتی یونیورسٹی میرٹ میں مزیدکشمیریوں کے اخراج پر سخت الفاظ میں مذمت کی ہے ۔بار نے ان طلباء کے ساتھ ہمدردی کااظہار کیاہے اور انہیں ہر طرح سے قانونی امداد بہم پہنچانے کی یقین دہانی دی ہے ۔بار ایسوسی ایشن نے ہماچل پردیش میں پیش آئے حادثے میں 4کشمیری تاجروں کی موت پر گہرے دکھ کااظہار کیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :