اسرائیلی وزیر اعظم اور وزیر دفاع نے اپنی فوج کو ایران کے جوہری تنصیبات پر حملے کی تیاریاں جاری رکھنے کا حکم دیدیا،رپورٹ،حکومت نے فوج کو اس مقصد کیلئے ساڑھے تین ارب ڈالر کے اضافی فنڈز بھی فراہم کر دیئے ہیں

جمعرات 20 مارچ 2014 21:51

اسرائیلی وزیر اعظم اور وزیر دفاع نے اپنی فوج کو ایران کے جوہری تنصیبات ..

مقبوضہ بیت المقدس(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ۔2014ء) اسرائیلی وزیر اعظم اور وزیر دفاع نے اپنی فوج کو ایران کے جوہری تنصیبات پر حملے کی تیاریاں جاری رکھنے کا حکم دیدیا۔ایک اسرائیلی اخبار کی رپورٹ کے مطابق حکومت نے فوج کو اس مقصد کیلئے ساڑھے تین ارب ڈالر کے اضافی فنڈز بھی فراہم کر دیئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو اور وزیر دفاع موشے یالون کے اس حکم کے بعد فوج کے سینئر افسران کو رواں سال کے دوران ایران کی جوہری تنصیبات پر ممکنہ حملوں بارے بریفننگز بھی دی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق اسرائیلی پارلیمنٹ کے بعض ارکان نے جوہری مسئلہ پر ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان معاہدے کے باوجود ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کیلئے اربوں ڈالر جاری کرنے پر اعتراضات اٹھائے ہیں۔ اسرائیلی فوجی حکام نے اس حوالے سے یہ موقف اختیار کیا ہے کہ ان کو حکومت کی طرف سے ملنے والے احکامات کا ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان مذاکرات سے کوئی تعلق نہیں۔ اسرائیلی اخبار نے بتایا ہے کہ وزیر اعظم اور وزیر دفاع حالیہ عرصہ کے دوران متعدد بار اس بات کا اعادہ کر چکے ہیں کہ اسرائیل نے ایران کے خلاف فوجی کارروائی کا آپشن ترک نہیں کیا۔