میرپور ‘حکومت قبضہ مافیا کے سرغنہ کو عہدے سے برطرف کرے‘چوہدری سلمان مہر

جمعہ 21 مارچ 2014 16:49

میرپور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21مارچ 2014ء) پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر ضلع میرپور کے سالار اعلیٰ چوہدری سلمان مہر نے کہاہے کہ شہر میں گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے جبکہ ایڈمنسٹریٹر قبضہ مافیا کی پشت پنائی کرتے ہوئے گرین بیلٹ اور خالی رقبہ پر قبضے جما رہے ہیں ۔حکومت قبضہ مافیا کے اس سرغنہ کو عہدے سے برطرف کرے وگرنہ شہری تنظیموں کے ساتھ مل کر سخت احتجاج کریں گے جس کااثر مظفرآباد تک جائے گا ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے یہاں ایک اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پیپلزپارٹی غریبوں کے لیے بنائی تھی مگر اس پر سرمایہ داروں نے قبضہ جمالیا ہے جس کی وجہ سے آج پارٹی کے نظریاتی اور حقیقی جیالے کھڈے لائن لگ چکے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے میرپور میونسپل کارپوریشن میں ایڈمنسٹریٹر کے عہدے پر جس شخص کو تعینات کیاہے وہ ایک نمبر نوسرباز اور کرپٹ ہے اس نے اپنا میرج ہال سرکاری زمین پر بنایاہواہے ہم احتساب بیورو سمیت خفیہ اداروں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس شخص کی کرپشن کانوٹس لے اس نے ادارہ کو تباہ کردیاہے یہی وجہ ہے کہ آج شہر میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگ چکے ہیں میرپور اس وقت فلتھ ڈپو کی شکل اختیار کرچکاہے جبکہ ایڈمنسٹریٹر موصوف اپنی لینڈ کرولا گاڑی پر دن کو جگہیں تاڑتے ہیں اور رات کو قبضہ کروادیتے ہیں چوہدری سلمان مہر نے کہاکہ میں وزیراعظم پاکستان میاں محمدنوازشریف اور آصف علی زرداری دونوں سے اپیل کرتاہوں کہ وہ فوری نوٹس لیں اس کے خلاف کارروائی کی جائے ۔

(جاری ہے)

اللہ تعالیٰ کرپشن کرنے والوں کو اپنے حبیب صدقے غرق کرے جو ملک کے لیے کام نہیں کرتے اور خود پرسکون نیند سورہے ہیں ۔