عوامی نیشنل پارٹی نے ضلعی تنظیموں کاالیکشن شروع کرنے کی ہدایت کردی، صوبائی آرگنائزنگ کمیٹیاں اپریل کے مہینے میں اپنے صوبوں میں ضلعی تنظیموں کے انتخابات کی نگرانی کرینگی

جمعہ 21 مارچ 2014 20:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21مارچ۔2014ء)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی عبوری صدر سینیٹر حاجی محمد عدیل نے تمام صوبائی تنظیموں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ ضلعی تنظیموں کا الیکشن شروع کریں اور اپریل کے مہینے میں پایہ تکمیل تک پہنچائیں اور تمام تفصیلات پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ باچا خان مرکز پشاور کو ارسال کریں۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ صوبوں میں تمام بنیادی تنظیموں اور یونین کونسل کی سطح تک کے انتخابات مکمل کر لیے گئے ہیں اس لیے اُن کی اور فارم سازی کی تفصیلات بھی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ ارسال کریں۔

اُنہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ اُنہیں اُمید ہے کہ صوبائی آرگنائزنگ کمیٹیاں اپریل کے مہینے میں اپنے صوبوں میں ضلعی تنظیموں کے انتخابات کی نگرانی کرینگی اور پارٹی منشور کے مطابق خفیہ رائے شماری کے ذریعے ضلعی الیکشن کرائے جائیں گے۔سینیٹر حاجی محمد عدیل نے مزید کہا کہ اُنہیں اُمید ہے کہ مئی کے مہینے تک صوبوں کے الیکشن مکمل کر دیے جائیں گے اور اس کے بعد مرکزی الیکشن کا اعلان کیا جائیگا۔