جامعات حکومتی پالیسی ساز ی میں کلیدی حیثیت رکھتی ہیں،گورنرپنجاب، بین الاقوامی سطح پر پاکستانیوں کو کم پڑھے لکھے ‘محدود ذہنیت کے مالک اور خواتین کو گھروں میں مقید رکھنے والے معاشرے کے طور پر جانا جاتا ہے ، 50ارب روپے کی لاگت سے صوبے میں واٹرٹریٹمنٹ پلانٹس کی تنصیب پر کام شروع کر دیاگیا، 200واٹرٹریٹمنٹ پلانٹ فیصل آباد میں نصب کئے جائیں گے،فیصل آبادزرعی یونیورسٹی میں چوہدری محمدسرورکاتقریب سے خطاب

ہفتہ 22 مارچ 2014 22:13

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22مارچ۔2014ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ جامعات ا پنی معتبر تحقیق کے نتیجے میں سامنے آنیوالے نئے علم اور مختلف سائنسی و معاشرتی اُمور کی حقیقی تصویر کشی کی وجہ سے حکومتی پالیسی ساز ی میں کلیدی حیثیت رکھتی ہیں جن کی وجہ سے حکومتوں کو عوام دوست پالیسیاں ترتیب دینے میں رہنمائی میسر آتی ہے۔

زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی طرف سے نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ہم نصابی اُمور کا فروغ فنون لطیفہ کے قومی پروگرامز کا انعقاد شہر کے باسیوں کے چہروں پر مسکراہٹ‘ اُمید کی کرن اورگھٹن‘ بے چینی اور مایوسی کم کرنے کاباعث قرار دیا جا رہا ہے جسے سراہا جانا چاہئے۔ یہ باتیں انہوں نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں دوسرے لائل پور لٹریچر وکلچرل فیسٹیول کی اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔

(جاری ہے)

چوہدری محمد سرور نے کہا کہ عوام کی ایک بڑی تعداد کو پینے کا صاف پانی مہیانہیں اور 80فیصد انسانی بیماریوں کا باعث بن رہا ہے لہٰذا 50ارب روپے کی لاگت سے پورے صوبے میں واٹرٹریٹمنٹ پلانٹس کی تنصیب پر کام شروع کر دیاگیا جن میں 200واٹرٹریٹمنٹ پلانٹ فیصل آباد میں نصب کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایاکہ ہر سال پچاس لاکھ سے زائد بچے سکول نہیں جاتے جنہیں زیور تعلیم سے آراستہ کرکے ترقی کے یکساں مواقع پیدا کئے جا ئیں گے۔

چوہدری محمدسرور نے کہاکہ خواتین کا خاندان‘ معاشرے اور ملک کی ترقی میں تعمیر ی کردار بالعموم اور طالبات کی یونیورسٹیوں میں بڑھتی ہوئی انرول منٹ بالخصوص ایک روشن خیال معاشرے اور آگے بڑھتے ہوئے پاکستان کی نوید دے رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر پاکستانیوں کو کم پڑھے لکھے ‘محدود ذہنیت کے مالک اور خواتین کو گھروں میں مقید رکھنے والے معاشرے کے طور پر جانا جاتا ہے جبکہ حقیقت اس کے برعکس ہے جسے بین الاقوامی سطح پر موثر انداز میں پیش کرنے کی ضرورت ہے۔

گورنر نے بتایا کہ برطانوی وزیراعظم گورڈن براؤن 29مارچ کو پاکستان آ رہے ہیں جہاں وہ پاکستانی جامعات میں زیرتعلیم ایک ہزار طالبات سے خطاب کریں گے جس سے انہیں ترقی میں خواتین کے بڑھتے ہوئے کردار اور روشن خیال معاشرے کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملے گاجو یقینی طور پر مغربی معاشرے میں پاکستان کی صحیح تصویر پیش کرے گا۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقرار احمد خاں نے بتایا کہ جامعہ زرعیہ قومی و بین الاقوامی سطح پر تیزی سے ترقی کرنیوالے جامعات میں شامل ہے اور ملک میں قابل عمل زرعی اصلاحات متعارف کروانے میں وفاقی و صوبائی حکومت کے مشاورتی عمل کا باقاعدہ حصہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی زراعت میں سپلائی چین مینجمنٹ کی بہتری سمیت زرعی مارکیٹنگ اور پاک بھارت تجارتی اُمور پر اپنی آواز موثر انداز میں حکومت تک پہنچا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لائل پور لٹریچر و آرٹ فیسٹیول میں ملک کے پانچوں صوبوں اور آزادا کشمیر کی جامعات نے حصہ لیا جس سے کیمپس گزشتہ دس روز سے منی پاکستان کی تصویر پیش کر رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی نے آئندہ بیس برسوں میں طلباء و طالبات کی ممکنہ انرول منٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے بنیادی ڈھانچے کی ترقی سمیت دیگر ضروریات کے پیش نظر ویژن 2030ء ترتیب دیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی صوبے کے مختلف کلائمیٹ زونز کیلئے موزوں زرعی سفارشات کے خدوخال ترتیب دے رہی ہے تاکہ زونز سے وابستہ کسانوں کو منافع بخش فصلات کی کاشت کی ترغیب دے کر انکی آمدنی میں اضافہ کیا جا سکے۔

ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے بتایا کہ یونیورسٹی اپنے آؤٹ ریچ پروگرام کو وسعت دے کر ایف ایم ریڈیو اور صوبے کے مختلف اضلاع میں کسان میلوں کے ذریعے کسانوں میں جدید طرز زراعت کو فروغ دے رہی ہے جس سے ان کی آمدنی میں یقینی اضافہ ہوگا۔فیسٹیول کی اختتامی تقریب کے دوران سینئر ٹیوٹرآفس کے زیرانگرانی کام کرنے والے مختلف کلب اور سوسائٹیوں کے طلبہ نے انتہائی دلچسپ اور بھرپور پروگرام پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :