مظفرآباد سمیت آزاد کشمیر بھر میں یوم پاکستان عقیدت واحترام سے منایا گیا، دارالحکومت مظفرآباد میں یوم پاکستان کی مناسبت سے مختلف اداروں ،تنظیمات ،سول سوسائٹی نے بڑے جوش وخروش کا مظاہرہ کیا

اتوار 23 مارچ 2014 13:09

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23مارچ۔2014ء) یوم پاکستان ،ریاستی دارالحکومت مظفرآبادسمیت آزادکشمیرمقبوضہ وادی ،مُلک اور دُنیا بھر میں نہایت عقیدت واحترام اور اس عزم کیساتھ منایا گیا،کہ وطن عزیز کی سلامتی امن واستحکام کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا،دن کا آغازمساجد میں خصوصی دعاؤں ،جبکہ تمام صوبوں وفاق اورآزادکشمیر میں توپوں کی سلامی سے ہوا،جبکہ 7سال اسلام آباد کی فضاؤں میں پاکستان ائیر فورس کے طیاروں نے اپنے انداز سے مُحب وطن قوم کو متوجہ کئے رکھا،ریاستی دارالحکومت میں بھی یوم پاکستان کی مناسبت سے مختلف اداروں ،تنظیمات ،سول سوسائٹی نے بڑے جوش وخروش کا مظاہرہ کیا،اس موقع پر شہدائے وطن میڈیا سیل اے کے زون نے بھی ایک خصوصی نشت کا اہتمام کیا ،جس میں پاک فوج کے غازیوں ،شہداء کے لواحقین اور دیگر مُحب وطن شخصیات نے شرکت کی ،خصوصی نشت سے شہدائے وطن میڈیا سیل کے چئیرمین آغاسفیر حسین کاظمی، ممتاز کشمیری رہنماء مفتی سید کفایت حسین نقوی، میجر(ر) سید بشیر حسین کاظمی، میجر(ر) گل زمان اعوان ،صوبیدار (ر)خادم مغل، سید امداد حسین کاظمی ودیگر نے خطاب کیا -مقررین نے کہا کہ پاکستان حاصل کرنے کیلئے لاکھوں مسلمانان برصغیر نے اپنا تن من دھن قربان کیا ،قائد اعظم محمد علی جناح کی مخلصانہ اور بابصیرت قیادت میں دُنیا کی پہلی اسلامی نظریاتی مملکت معرض وجود میں آئی ،لیکن چند سال بعد ہی پاکستان کو سیاسی بحرانوں کیطرف دھکیل دیا گیا،قوم منتشر ہجوم بنانے کی راہ کھلی ،چیئرمین شہدائے وطن میڈیا سیل اے کے زون آغاسفیر حسین کاظمی نے کہا کہ تحریک پاکستان کی کامیابی بہت بڑی بات ہے ،کیونکہ لاکھوں مسلمانوں نے اپنے خون سے آزادی کی منزل دلائی ،جبکہ قیام پاکستان سے لیکر آج تک مُلکی دفاع کیلئے افواج پاکستان نے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں ،شہدائے وطن نے اپنے لہو سے پاکستان کا دفاع کیا ہے ،بیرونی جاحیت ہویا اندرونی خطرات،افواج پاکستان ملک اور قوم کی خاطر اپنی جوانیاں لُٹانے میں پیش پیش ہیں ،مفتی سید کفایت حسین نقوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان حاصل کرنا بڑی جدوجہد کا نتیجہ ہے ،اور اسکی حفاظت انتہائی اہم اور حساس معاملہ ہے ،اور پاک فوج قوم کیساتھ ملکر ہرآزمائش میں سرخرو رہی ہے ،مفتی کفایت حسین نقوی نے اپنے خطاب میں مذید کہا ،کہ پاکستان کو دلوں میں بسایا جائے ،تو سارے بحران ٹل سکتے ہیں ،قومی دن منانے کا مقصد بھی یہی ہوتا ہے کہ اپنی ذمہ داریوں کا احساس پیدا کیا جاسکے ،پاکستان اس وقت حالت جنگ میں ہے ،اس لئے وطن عزیز کی تمام محب وطن قوتوں کو ”قومی وحدت“کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز رکھنا ہوگی ،خصوصی نشت سے خطاب کرتے ہوئے پاک فوج کے غازیمیجر(ر) گل زمان اعوان نے کہا کہ پاک فوج اپنے نصب العین”ایمان تقویٰ جہاد فی سبیل اللہ“ کیمطابق ملکی سلامتی کا تحفظ کررہی ہے،تاکہ قوم کو امن وسکون کیساتھ زندگیاں گزارنے میں آسانی ہو،دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج نے بہیت قربانیاں دی ہیں ،اور پوری قوم اپنی بہادر افواج کی پُشت پر کھڑی ہے ،شہدائے تحریک پاکستان ،اور شہدائے دفاع پاکستان ،قومی غیرت کی عملی تفسیر ہیں،پاک فوج کے غازی میجر(ر) سید بشیر حسین کاظمی نے اپنے خطاب میں کہا ،کہ پاکستان کی بدخواہ بیرونی طاقتیں اور اندونی عناصر، پاکستان کے درپے آزار ہیں ،قوم اور افواج کا اتحاد اُنھیں ایک آنکھ نہیں بھاتا ،اسلیئے مختلف لبادوں میں ملکی سلامتی کے ضامن اداروں کیخلاف رائے عامہ پر اثرانداز ہونے کی کوششیں جاری ہیں،لیکن پاکستان کی بد خواہ قوتیں اپنے گھناؤنے عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہونگی ،کیونکہ افواج پاکستان اور قوم کو الگ نہیں کیا جاسکتا ،وارث شہید وطن سید امداد حسین کاظمی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ،کہ یوم پاکستان منانے کا مقصد اُن شہداء کی قربانیوں کو یا د رکھنا ہے ،جہنوں نے قائد اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں یہ وطن حاصل کرنے کیلئے اپنا خون بہایا،آج کے دن ہمیں افواج پاکستان کے اُن بہادر سپاہیوں کی قربانیوں کے مقاصد کو اپنا مقصد حیات بنانے کا عزم کرنا ہے ،مقررین نے کہا کہ تحریک ،قیام ،دفاع پاکستان جن لوگوں کا حصہ ہے ،وہ بڑے عظیم ہیں ،اور ہماری قومی غیرت و حمیت کی جیتی جاگتی تصویر ہیں -خصوصی نشست میں ایک قرارداد بھی پاس کی گئی ،جس میں پاک فوج سے مکمل اور غیر مشروط یکجہتی کا اظہار کیا گیا،اور حکومت آزاد کشمیر سے مطالبہ کیا گیا ہے ،کہ دھرتی کشمیر کے شہدائے پاک فوج کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے ،شہداء کے لواحقین اور غازیان پاک فوج کو در پیش مشکلات دُور کرنے پر توجہ دی جائے ۔