شام میں خانہ جنگی ،متاثرہ یرموک کیمپ کے محصورین کی دل دہلا دینے والی تصاویر کی امریکہ اور جاپان میں تشہیر جا ری،انسانی حقوق کارکنوں کی کاوش کا مقصد محصورین یرموک کیمپ کیساتھ اظہار ہمدردی ،عالمی سطح پر ان کے مسائل کو اجاگر کرنا ہے،اونروا کی سوشل میڈیا کے ذریعے 23 ملین افراد کے تبصرے حاصل کرنے کی بھی کوشش جاری

اتوار 23 مارچ 2014 14:23

نیو یارک(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23مارچ۔2014ء) شام میں جاری خانہ جنگی کے نتیجے میں سب سے زیادہ متاثر ہونیوالے فلسطینی پناہ گزینوں کے کیمپ یرموک کے محصورین کی دل دہلا دینے والی تصاویر کی امریکہ اور جاپان میں بھی تشہیر کی جا رہی ہے۔ انسانی حقوق کے کارکنوں کی اس منفرد کاوش کا مقصد محصورین یرموک کیمپ کیساتھ اظہار ہمدردی کرنا اور عالمی سطح پر ان کے مسائل کو اجاگر کرنا ہے۔

اطلاعات کے مطابق امریکی شہر نیویارک میں اقوام متحدہ کے صدر دفتر کے پاس اور ٹائمز اسکوائرپربڑے بڑے بورڈز پر محصورین یرموک کیمپ کی تصاویر آویزاں کی گئی ہیں جن میں کیمپ میں بھوک اور ننگ کے شکار مفلوک الحال بچوں، خواتین اور بوڑھوں کو دکھایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو کے شیبوا گراوٴنڈ میں بھی ایسی ہی تصاویر دکھائی جارہی ہیں ۔

(جاری ہے)

انسانی حقوق کے کارکنوں نے عالمی سطح پر امدادی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ محصورین یرموک کیمپ کی زندگیاں بچانے کیلئے فوری امداد فراہم کریں۔ کیمپ کے لاکھوں محصور بچے اور خواتین پچھلے آٹھ ماہ سے روٹی کے ایک ایک لقمے کو ترس گئے ہیں۔ خوراک اور ادویہ نہ ملنے کے باعث 163 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔ محصورین یرموک کیمپ کے مسائل کی عالمی تشہیری مہم میں اقوام متحدہ کے ادارہ برائے فلسطینی پناہ گزین اونروا کا تعاون بھی حاصل ہے۔ اونروا کی جانب سے سوشل میڈیا کے ذریعے 23 ملین افراد کے تبصرے حاصل کرنے کی کوشش بھی کی جا رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :