مستقبل میں موٹروے پر سفر کیلئے این ایچ اینڈ ایم پی کا لا ئسنس رکھنا لازم ہو گا، ذوالفقار احمد چیمہ، موٹروے پولیس بھی ٹریفک لائسنس جاری کر رہی ہے ،پاکستان میں روڈ سیفٹی پر مناسب توجہ دی جائے ،تمام تر ذرائع کو احسن طریقوں سے استعمال کر کے حادثات پر قابو پایا جا سکتا ہے، آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس

اتوار 23 مارچ 2014 18:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23مارچ۔2014ء) آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ذوالفقار احمد چیمہ نے کہا ہے کہ مستقبل میں موٹروے پر سفر کیلئے این ایچ اینڈ ایم پی کا لا ئسنس رکھنا لازم ہو گا فی الحال یہ لائسنس لازمی نہیں ہے، موٹروے پولیس بھی ٹریفک لائسنس جاری کر رہی ہے ۔پاکستان میں روڈ سیفٹی پر مناسب توجہ دی جائے اور تمام تر ذرائع کو احسن طریقوں سے استعمال کیا جائے توحادثات پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

شاہراؤں پر منظم ٹریفک مہذب معاشرے کی عکاس ہوتی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انسپکٹر جنرل ،نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ذوالفقار احمد چیمہ نے گزشتہ روزبحریہ یونیورسٹی اسلام آباد میں طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انسپکٹر جنرل نے کہاکہ ہر سال ٹریفک حادثات کا شکار ہونیوالے افراد میں زیادہ تعداد نوجوانوں کی ہے انہوں نے کہا کہ ہم نے ہر قیمت پر نوجوانوں کی زندگیاں بچانی ہیں۔

(جاری ہے)

انسپکٹر جنرل نے سامعین کو روڈپر بڑھتے ہوئے حادثات کی وجوہات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ تیز ر فتاری ، لین وائلیشن ، مقابلہ بازی کی ڈرائیونگ ، دوران ڈرائیونگ موبائل فون کا استعمال ، سیٹ بیلٹ کا نہ باندھنااور سب سے بڑھ کر کم عمری کی ڈرائیونگ زیادہ تر ٹریفک حادثات کا سبب ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ قومی شاہراہوں پر محفوظ سفر اور ٹریفک قوانین سے آگاہی کیلئے موٹروے پولیس مختلف اقدامات کر رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ والدین اور اساتذہ کی بھی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ نوجوانوں کو روڈ سیفٹی کے حوالے سے آگاہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ طلباء سے کہا کہ وہ ایک عظیم ملک کے شہری ہیں ہماری قوم میں بے پناہ صلاحیتیں ہیں۔ طلباء کو اعلی تعلیم کیلئے بیرونی ممالک میں جانا چاہیے لیکن اپنے ملک کی خدمت کیلئے انھیں ضرور واپس آنا چاہیے ۔ پاکستان کا مستقبل انشاء اللہ بہت روشن ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے اتنے وسائل سے نوازا ہے جو کہ بہت کم ملکوں کے پاس ہے ۔ ریکٹر بحر یہ یونیورسٹی وائس ایڈ مرل (ر) شاہد اقبال نے اپنے خطا ب کے دوران انسپکٹر جنرل ذوالفقار احمد چیمہ کا شکریہ ادا کیا اور موٹروے پولیس کی کا رکر دگی کو بڑھانے کیلئے کئے گئے اقدمات کی تعریف کی ۔ آئی جی نے خطاب کے اختتام پر طلباء سے ٹریفک قوانین سے متعلق سوالات پوچھے اور گفٹ بیگز تقسیم کئے ۔

اس موقع پر ڈی آئی جی محمد زبیر ہاشمی، ایس ایس پی اشفاق احمد خان ، ایس ایس پی ناصر محمود ستی، ایس پی حسن اسد علوی اور بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد کے فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے ۔یونیورسٹی میں موٹروے پولیس کی جانب سے روڈ سیفٹی سٹال بھی لگایا گیا تھا۔جس پر روڈ سیفٹی سے متعلق موادطلبا ء کی آگاہی کیلئے رکھا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :