محمد شہباز شریف کی بطور وزیر اعلیٰ کاکردگی مثالی رہی ، انہیں منصوبے ریکارڈ مدت میں مکمل کرنے میں کمال حاصل ہے، محمد نواز شریف ،پراجیکٹ کا تخمینہ لگاتے وقت بھول ہو گئی ،فیض آباد انٹر چینج تک میٹرو بس کا پہلا حصہ ایلیویٹڈ ہے ،زیادہ لاگت آئیگی ،اسلام آباد میٹرو بس سیکشن آن گراؤنڈ ہونے سے کم لاگت آئیگی، ففٹی ففٹی فارمولے پر نظرثانی کی جائے، شہباز شریف،وزیر اعلی کو اس بارے مایوس نہیں کریں گے ،فنڈز کی فراہمی کے حوالے سے فارمولے کا جائزہ لیں گے،وزیر اعظم

اتوار 23 مارچ 2014 18:55

محمد شہباز شریف کی بطور وزیر اعلیٰ کاکردگی مثالی رہی ، انہیں منصوبے ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23مارچ۔2014ء) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ میٹرو بس سروس منصوبے کو ریکارڈ مدت میں مکمل کرنا شہباز شریف کا کمال ہے۔ انہوں نے موٹر وے پراجیکٹ کی تقلید کی ہے جسے وفاقی حکومت نے کم سے کم وقت میں مکمل کیا حالانکہ اس دوران ہماری حکومت ختم ہو گئی تھی اور دوبارہ اقتدار میں آنے تک وقت کے ضیا ع کے باوجود ہم نے اس منصوبے کو تاخیر کا شکار نہیں ہونے دیا۔

راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس پراجیکٹ کے سنگ بنیاد کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے شہباز شریف کی منصوبوں پر تیز رفتاری سے کام کرنے کی صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہیں منصوبے ریکارڈ مدت میں مکمل کرنے میں کمال حاصل ہے۔ وزیراعظم نے میٹرو بس پراجیکٹ کے فنڈز کیلئے وفاقی اور حکومت پنجاب کی طرف سے ففٹی ففٹی کے فارمولے پر وزیر اعلیٰ کی طرف سے نظر ثانی کی اپیل کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ محمد شہباز شریف کی بطور وزیر اعلی کاکردگی مثالی رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس سے پہلے اپنے پانچ سالہ دور میں بھی لاہور میٹرو بس سمیت دیگر ریکارڈ منصوبے مختصر مدت میں مکمل کئے اور اب موجودہ پانچ سالہ دور کے آغاز سے ہی وہ راولپنڈی اسلام آباد میٹروبس جیسے منصوبوں کے ذریعے صوبے میں ترقیاتی انقلاب برپا کر رہے ہیں۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اپنے خطاب کے دوران وزیر اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میٹرو بس پراجیکٹ کا تخمینہ لگاتے وقت ہم سے بھول ہو گئی کیونکہ فیض آباد انٹر چینج تک کا میٹرو بس سروس کا پہلا حصہ ایلیویٹڈ ہے جس پر زیادہ لاگت آئے گی جبکہ اسلام آباد میٹرو بس سیکشن آن گراؤنڈہے جس پر کم اخراجات آئینگے لہذا ہمارے تجویز کردہ فنڈز کے ففٹی ففٹی فارمولے پر نظر ثانی کی جائے کیونکہ راولپنڈی میں زیادہ زمین ایکوائر ہو گی جس کی ادائیگی مارکیٹ ویلیو کے مطابق ہونی ہے جس پر وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ وزیر اعلی کو اس حوالے سے مایوس نہیں کریں گے اور فنڈز کی فراہمی کے حوالے سے فارمولے کا جائزہ لینگے ۔