ہم اپنی یا طالبان کی نہیں شریعت محمدی کے نفاذ کی بات کرتے ہیں ، یہ خطہ امریکہ کا نہیں ‘ سید منور حسن ،پاکستان کو اسلام کا قلعہ اور امن کا گہوارہ بنائیں گے ، کراچی منی پاکستان ہی نہیں منی عالم اسلام ہے ،بغل میں چھری اور منہ میں رام رام کرنے والوں سے بچنا ہوگا،امیر جماعت اسلامی کا تحفظ پاکستان کنونشن سے خطاب ۔ تفصیلی خبر

اتوار 23 مارچ 2014 22:29

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23مارچ۔2014ء) امیر جماعت اسلامی سیدمنورحسن نے کہاہے کہ پاکستان دو قومی نظریہ کی بنیاد پر بناہے اور اسی نظریہ پر قائم رہے گا ، ہم اپنی یا طالبان کی نہیں شریعت محمدی کے نفاذ کی بات کرتے ہیں ، یہ خطہ امریکہ کا نہیں افغانستان ، پاکستان اور ایران میں رہنے والے مسلمانوں کا ہے ، مسلمانوں کا کوئی فرقہ نہیں ، قرآن و حدیث ہی ہمارا فرقہ ہے ، پاکستان کو اسلام کا قلعہ اور امن کا گہوارہ بنائیں گے ، کراچی منی پاکستان ہی نہیں منی عالم اسلام ہے ، قائد اعظم اور لیاقت علی خان کے بعد آنے والے حکمرانوں نے قیام پاکستان کے مقاصد کو پس پشت ڈال دیا اور اس جدوجہد کو چھوڑ دیا جس کی بنیاد پر پاکستان حاصل کیا گیا تھا۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی کراچی کے زیر اہتمام نشتر پارک کراچی میں تحفظ پاکستان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

کنونشن سے امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان ، امیر جماعت اسلامی سندھ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی ، جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن ، نصر اللہ شجیع ، ناظم اعلیٰ سلامی جمعیت طلبہ زبیر حفیظ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

سید منور حسن نے کہا کہ وزیر اعظم نوازشریف کہتے ہیں کہ انہیں بھارت سے دوستی کا مینڈیٹ ملا ۔ وہ بھارت سے دوستی کے دعوے کر کے اپنے منشور کی مخالفت کر رہے ہیں ۔ بغل میں چھری اور منہ میں رام رام کرنے والوں سے بچنا ہوگا۔ بھارت سے دوستی کے نعرے لگا کر کشمیریوں کے زخموں پر نمک چھڑکا اور ان کی دل آزاری کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی کو امن اور روشنیوں کا شہر بنانے کے لیے بوری بند لاشوں کے کلچر سے چھٹکارا پانا ہوگا ۔

ملک میں قیام امن کے لیے ضروری ہے کہ آپریشن کی باتیں چھوڑ دی جائیں ۔ آپریشن سے لوگوں کو کچلا جا سکتاہے امن قائم نہیں کیا جاسکتا ۔ کراچی سے لاکھوں لوگ نقل مکانی کر رہے ہیں حالانکہ کراچی کے یہ شہری ایک دوسرے کے دکھ درد کے ساجھی اور خوشیاں بانٹنے والے ہیں۔انہوں نے کہاکہ امریکہ 12 سال تک پہاڑوں سے سر ٹکرانے کے بعد واپس جارہاہے ۔پاکستانی حکمران پرویز مشرف نے خطے کی تباہی اور مسلمانوں کے قتل عام اور افغانستان کی اسلامی حکومت ختم کرنے میں امریکہ کا ساتھ دیا ۔

پاکستان میں بدامنی کی جڑ خطے میں امریکی موجودگی اور حکمرانوں کا امریکہ نواز رویہ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت پاکستان کے خلاف آبی جارحیت کر رہاہے مگر حکمران اسے روکنے کی بجائے اس سے دوستی او ر تجارت کی باتیں کر رہے ہیں ۔ تحفظ پاکستان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا اور طالبان مذاکرات کمیٹی کے اہم رکن پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہاکہ مذاکرات ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کا متفقہ فیصلہ تھا ۔

آج جو لوگ مذاکرات کی مخالفت اور آپریشن کی بات کررہے ہیں ، وہ اپنے ہی فیصلے کی نفی کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ جنوبی وزیرستان سمیت قبائلی علاقوں میں ہونے والے آپریشن سے لاکھوں لوگوں کو اپنا گھر بار چھوڑنا پڑااور وہ مختلف شہروں میں دھکے کھارہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں بدامنی ، دہشتگردی ، خوف اور بھوک کا راج ہے جب تک ملک میں قرآن و سنت کا نظام نافذ نہیں ہوگا ، مسائل حل نہیں ہوں گے ۔

کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سندھ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہاکہ عمران فاروق کے قاتلوں کی عدم گرفتاری سے سکاٹ لینڈ پر سوالیہ نشان اٹھنے لگے ہیں ۔ سکاٹ لینڈ نے عمران فاروق کے قاتلوں کو ملائیشیا کا جہاز بنا دیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ آج تک کوئی قوم قاتلوں ، بھتہ خوروں اور ٹارگٹ کلنگ کرنے والوں کی قیادت میں ترقی نہیں کر سکی ۔

جماعت اسلامی کراچی کو دوبارہ روشنیوں کا شہر بنائے گی ۔ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے اپنے خطاب میں چار ہفتوں سے جاری جماعت اسلامی کی ممبر سازی مہم کو سراہتے ہوئے کہاکہ ایک ماہ کے اندر کراچی کے تین لاکھ سے زائد شہریوں نے جماعت اسلامی کے ساتھ مل کر جدوجہد کرنے کا عہد کیاہے ۔کراچی کی اصل نمائندہ جماعت ، جماعت اسلامی ہے ۔ جب تک جماعت اسلامی کراچی میں برسراقتدار رہی ، کراچی امن و امان کا گہوارہ رہا لیکن جب جعلی مینڈیٹ والوں نے کراچی پر قبضہ کیاہے ، شہر تاریکیوں اور جرائم کی آماجگاہ بن گیاہے ۔