عوام کو مایوس نہیں کرینگے،تمام وعدے پورے کرینگے،ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ

پیر 24 مارچ 2014 20:25

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24مارچ۔2014ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت سے بلوچستان کے عوام نے جو توقعات وابستہ کر رکھی ہیں انہیں ہر صورت پورا کیا جائے گا اور عام آدمی کو مایوس نہیں کریں گے، انہوں نے کہا کہ صوبے کے تمام علاقوں میں روزگار کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے مختلف محکموں میں بھریتاں ضلع کی بنیاد پر کی جائیں گی، یہ بات انہوں نے پیر کے روز کابینہ کے اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ ملازمتوں پر کوئی پابندی نہیں اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ گریڈ ایک سے 16تک جو آسامیاں پبلک سروس کمیشن کے دائرہ اختیار میں نہیں ان پر بھرتی کے لیے متعلقہ محکموں کی اپنی کمیٹی تشکیل دی جائے اور ضلع کی بنیاد پر بھرتیاں کی جائیں تاکہ صوبہ کے مختلف اضلاع میں میرٹ کی بنیاد پر بھرتیاں ہوں اور عام لوگوں کو اپنے علاقے میں ملازمتوں کے حصول کے لیے بھی کوئٹہ کے چکر نہ کاٹنے پڑیں، انہوں نے محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی کو ہدایت کی کہ وفاقی محکمہ، خود مختار و نیم خودمختار اداروں میں ملازمتوں کے حوالے سے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے ساتھ رابطہ کر کے ان سے کہا جائے کہ ملازمتوں پر عائد پابندی کم از کم بلوچستان کے لیے فوری طور پر ختم کی جائے، تاکہ صوبے میں تعلیم یافتہ بیروزگار نوجوانوں کو ان کی اہلیت کے مطابق برسرروزگار کیا جا سکے۔