سنندا کی موت سے متعلق شواہد ملنے تک ششی تھرور کو کلین چٹ دینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا‘ دہلی پولیس کمشنر

منگل 25 مارچ 2014 16:33

نئی دہلی ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25مارچ 2014ء) بھارتی وزیر ششی تھرور کی بیوی سننداپشکر کی موت کا معمہ ابھی تک حل نہیں ہوسکا جبکہ دہلی پولیس کمشنر کا کہنا ہے کہ ششی تھرور کو فی الحال کلین چٹ دینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔سنندا پشکر کی پراسرار موت پر پولیس نے بالآخر دو ماہ بعد خاموشی توڑ دی ۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کمشنر بی ایس باسی نے بتایا کہ سنندا کی موت سے متعلق ملنے والے شواہد کا تمام زاویوں سے جائزہ لیا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

تفتیش جاری رہنے تک ششی تھرور کو کلین چٹ نہیں دی جاسکتی،کوئی حتمی بات تفتیش مکمل ہونے پر ہی کہی جا سکتی ہے اور اس معاملے میں کسی کے بھی خلاف ایف آئی آر درج کرنا ابھی قبل از وقت ہوگا ۔گواہوں کے بیانات اور جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد کی روشنی میں تفتیش جاری ہے ۔ دوسری طرف میڈیا رپورٹس میں دعوی کیا گیا ہے کہ سنندا پشکر کے بعض اعضا کے تجزیے سے کسی سکون آور دوا کے استعمال کے شواہد نہیں ملے تاہم ان کے معدے سے سکون آور دوا کے استعمال کے شواہد ملے تھے جس کی بنا ء پر پوسٹ مارٹم رپورٹ میں ان کی موت کی وجہ سکون آور ادویات کے استعمال کو قرار دیا گیا تھا ۔بھارتی وزیر ششی تھرور کی بیوی سنندا پشکر 17جنوری کو ہوٹل کے کمرے میں مردہ حالت میں پائی گئی تھیں۔

متعلقہ عنوان :