عرب ممالک کا سالانہ سربراہی اجلاس شروع،خالی نشست شامی اپوزیشن کو دینے کا مطالبہ،چیلنجز سے نمٹے کیلئے آپس کے اختلافات ختم کرنا ہوں گے،امیرکویت…شام میں بحران تباہ کن حد تک بڑھ چکا،سعودی ولی عہد، قطر کے ساتھ کسی طرح کا سمجھوتہ ممکن نہیں ،مصری وزیرخارجہ …کل فلسطین کیلئے ماہانہ بنیادوں پر 100 ملین ڈالر امداد کی منظوری دی جائیگی

منگل 25 مارچ 2014 21:08

کویت سٹی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25مارچ۔2014ء) عرب ملکوں کا سالانہ سربراہی اجلاس” بہتر مستقبل کیلئے یگانگت “کے عنوان سے کویت میں منگل سے شروع ہو گیا،میڈیارپورٹس کے مطابق کویت کے امیر شیخ صباح الاحمد الصباح نے عرب لیگ کے دو روزہ سربراہی اجلاس کی افتتاحی تقریر میں عرب ملکوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ عرب ملکوں کو درپیش چیلنجوں کا سامنا کرنے کیلئے آپس کے اختلافات کو ختم کرنا ہوگا،ان کا کہنا تھا کہ ہم خطرات میں گھرے ہوئے ہیں اور اپنے اختلافات ختم کرکے اگر ہم اتحاد قائم نہ کر سکے تو ہم مشترکہ عرب حکمت عملی کی طرف نہیں بڑھ سکیں گے،اس موقع پر سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ سلمان بن عبدالعزیز نے عرب لیگ کی سربراہ کانفرنس میں میں شام کی خالی نشست متحدہ اپوزیشن کو دینے کیلیے کہا ،شہزادہ سلمان نے شام کی صورت حال کی جانب توجہ مبذول کرائی کہ زمین پر طاقت کا توازن تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ شام میں بحران تباہ کن حد تک بڑھ چکا ہے،ان کا کہنا تھا کہ شام میں بشار الاسد رجیم کو اقتدار سے نکال باہر کرنے کیلیے باغیوں کی زیادہ امداد کرنے کی ضرورت ہے،شامی مسئلے کو ترجیحی اہمیت دینے کی وجہ سے ہی شامی متحدہ اپوزیشن کے سربراہ احمد الجربا نے بھی اس سربراہی اجلاس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کیا اور شام کی نشست ان کے زیر قیادت شامی اپوزیشن کو دینے کا مطالبہ کیا،احمد الجربا نے اپنے خطاب میں کہا عرب لیگ میں شامی نشست خالی رکھ کر بشارالاسد کو یہ پیغام دیا جا رہا ہے کہ اپنے لوگوں کو اور مارو کہ جنگ کا فیصلہ ہوتے ہی یہ نشست تمہیں دے دی جائے گی،مصر کے عبوری وزیر خارجہ نے کہا کہ عرب سربراہ کانفرنس کے دوران قطر کے ساتھ کسی طرح کا سمجھوتہ ممکن نہیں ہے کیونکہ زخم بہت گہرے ہیں،کل (بدھ کو )ہونے والے سیشن میں فلسطین کے حوالے سے عرب ممالک فلسطینی اتھارٹی کیلیے ماہانہ بنیادوں پر ایک سو ملین ڈالر کی امداد دینے کی منظوری دی جائی گی ۔