ورلڈ‌ ٹی ٹونٹی، پاکستان نے آسانی سے بنگلہ دیش کو شکست دے دی، عمر گل کی 3 وکٹیں، شہزاد کی سینچری، پاکستان اور ویسٹ انڈیز کا مقابلہ کوارٹر فائنل کی حیثیت اختیار کر گیا

اتوار 30 مارچ 2014 18:03

ورلڈ‌ ٹی ٹونٹی، پاکستان نے آسانی سے بنگلہ دیش کو شکست دے دی، عمر گل ..

ڈھاکا(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مارچ۔2014ء) بنگلہ دیش میں جاری ٹی 20 ورلڈ کے ایک اہم میچ میں پاکستان نے میزبان بنگلہ دیش کو 50 رنز سے شکست دے دی، احمد شہزاد کے یادگار 111 رنز، بائولرز کی عمدہ بائولنگ، پاکستان اور ویسٹ انڈیز کا میچ کواٹرز فائنل کی حیثیت اختیار کر گیا۔ میر پور کے شیر بنگلا کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش کے بلے بازوں نے شائقین کرکٹ کو انتہائی مایوس کیا۔

بنگلہ دیش کی جانب سے صرف شکیب الحسن نمایاں رہے جنہوں نے 38 رنز بنائے۔ اس کے علاوہ ناصر حسین 23، تمیم اقبال، 16، انعام الحق، 18، شمس الرحمان، 4، مشفق الرحیم، 2 رنز بنا سکے، ضیا الرحمان بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے۔ جبکہ محمود اللہ اور مرتضیٰ نے سترہ، سترہ رنز بنائے اور آئوٹ نہیں ہوئے۔

(جاری ہے)

پاکستان کی جانب سے عمر گل نے 3، سعید اجمل نے 2 جبکہ ذوالفقار بابر اور شاہد آفریدی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

اس سے قبل پاکستان نے پُراعتماد بیٹنگ کرتے ہوئے بنگلا دیشی باؤلنگ لائن کے چھکے چھڑا دیے تھے۔

میرپور کے شیر بنگلا کرکٹ سٹیڈیم میں جاری میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ گرین شرٹس کو 43 رنز پر پہلا نقصان ہوا جب کامران اکمل 9 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ اس کے بعد کپتان محمد حفیظ 8 رنز بنا کر سٹمپ ہو گئے۔ آسٹریلیا کے خلاف مرد میدان بننے والے عمر اکمل بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

شعیب ملک بھی 23 گیندوں پر 26 رنز کا اضافہ کر سکے۔ بوم بوم آفریدی 9 گیندوں دو چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 22 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ قومی اوپنر احمد شہزاد میچ میں مرد میدان بنے۔ انہوں نے کریز کو میچ کے آخر تک سنبھالے رکھا۔ احمد شہزاد نے ذمہ دارانہ انداز میں کھیلتے ہوئے ٹی 20 کیرئیر کی پہلی سنچری مکمل کی۔ وہ پاکستانی کی جانب سے مختصر فارمیٹ میں سنچری مکمل کرنیوالے پہلے بیٹسمین بنے۔

میزبان ٹیم کی جانب سے عبدالرزاق نے 2 جبکہ الامین حسین، شکیب الحسن اور محمد اللہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان نے بنگلہ دیش کو جیت کیلئے 191 رنز کا ہدف دیا تھا لیکن بنگالی ٹائیگرز 7 وکٹوں کے نقصان پر مقررہ 20 اوورز میں 140 رنز بنا سکے۔ ایونٹ کا ستائیسواں میچ پاکستان کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل تھا جس میں گرین شرٹس زبردست جوش و جذبہ دکھایا۔

میزبان بنگال ٹائیگرز کو ہرا کر گرین قومی شاہینوں نے ایونٹ میں اپنی دوسری کامیابی سمیٹی۔ پوائنٹ ٹیبل پر پاکستان اور ویسٹ انڈیز چار چار کے ساتھ برابر ہیں۔ گروپ ٹو میں سرفہرست بھارت سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر چکا ہے۔ یکم اپریل کو شیڈول گروپ کا آخری میچ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے لیے کوارٹرز فائنل کی حیثیت اختیار کر گیا ہے۔