ترقیاتی سکیموں کی تکمیل میں اعلیٰ معیار اور مقدارکو برقرار رکھیں گے،سابقہ حکمرانوں نے وعدے اور دعوے تو کئے لیکن اقتدار میں آنے کے بعد ذاتی مفاد کو عوامی مفادات پر ترجیح دی گئی،محمود خان

اتوار 30 مارچ 2014 19:23

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مارچ۔2014ء)خیبر پختونخواکے وزیر برائے کھیل و سیاحت ، میوزیم و آثارقدیمہ اور امور نوجوانان محمود خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کا عوام سے کئے گئے وعدوں کوپوری کرے گی اور عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے ترقیاتی منصوبوں کے تسلسل کو جاری و ساری رکھے گی اور ان تعمیراتی کاموں کی تکمیل میں اعلیٰ معیار اور مقدار کو برقرار رکھیں گے کیونکہ قومی وسائل قوم کی امانت ہیں اور ایک ایک پائی عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کریں گے۔

تحریک انصاف کی صوبائی حکومت عام آدمی کے مسائل و مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے اوران کے حل کیلئے پوری نیک نیتی سے کام کر رہی ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے اپنی رہائش گاہ میں پی کے۔87سوات سے تعلق رکھنے والے مختلف وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام ہماری اصل طاقت ہیں اور ہم عوام میں رہ کر ان کے بنیادی مسائل حل کریں گے اور ہمیں یقین ہے کہ ہم ان کی تعاون سے ملک و قوم کو بحرانوں سے نکالنے میں ضرور کامیاب ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایک شفاف نظام کے تحت ترقیاتی منصوبوں پر تیز رفتار کام اور اعلیٰ معیار کو یقینی بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ان انقلابی اقدامات کے ذریعے سے ہم ان علاقوں کی عرصہ دراز سے چلی آرہی پسماندگی اور لوگوں کا احساس محرومی جلد ختم کر دیں گے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی پر عوام کا اعتماد اس کی عوام دوست پالیسیوں اور مثبت اصلاحات کا نتیجہ ہے اور یہی وجہ سے کہ لوگ دوسری سیاسی پارٹیوں سے مستعفی ہو کر تحریک انصاف میں شامل ہو رہے ہیں اور انشاء اللہ آئندہ ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کے ڈاکٹر حیدر علی خان کلین سویپ کرے گا کیونکہ وہ ایک عظیم لیڈر ہے ان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف ایک مضبوط قوت بن چکی ہے اور کامیابی پی ٹی آئی کا مقدر ہے۔

انہوں نے پارٹی کے قائد عمران خان کے انصاف پر مبنی پالیسیوں پر جس اعتماد کا اظہار کیاعوام بھی اسی احترام میں انہیں کامیاب بنائیں گے۔انہوں نے حلقہ پی کے۔87 سوات میں ترقیاتی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی، رہائشی علاقوں کو آمدورفت کیلئے سڑکوں،پلوں کی تعمیر و مرمت،صحت و تعلیم کے اداروں کی بحالی،سیلاب سے بچاؤ کے حفاظتی پشتوں کی تعمیر اور گلی کوچوں کی پختگی کے علاوہ دیگر تمام بنیادی ضروری سہولیات کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں تاکہ صوبے کے دیگر ترقی یافتہ حلقوں کے برابر لایا جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے عوام سے ووٹ حاصل کرنے کیلئے وعدے اور دعوے تو کئے گئے لیکن اقتدار میں آنے کے بعد ذاتی مفاد کو عوامی مفادات پر ترجیح دی گئی۔انہوں نے کہا کہ ہم انصاف کے نام پر آئے ہیں انصاف دلا کر رہیں گے۔وفود نے اپنے اپنے علاقوں کو درپیش مسائل اور مشکلات سمیت دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی سے صوبائی وزیرکو آگاہ کیاجس پرانہوں نے کہا کہ عوام نے پی ٹی آئی پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے پارٹی ان کے تمام ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کی فلاح و بہبودکیلئے کام کرنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔۔وفودنے ان کے مسائل غور سے سننے اور ان کے حل میں ذاتی دلچسپی لینے پر صوبائی وزیر کا شکریہ ادا کیا اور اپنی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔