شہید ذوالفقار علی بھٹو کا یوم شہادت کل عقیدت واحترام سے منایا جائیگا، سید بازل علی نقوی

جمعرات 3 اپریل 2014 16:24

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 3اپریل 2014ء) وزیر اطلاعات سید بازل علی نقوی نے کہا ہے کہ آج 4 اپریل کو پورے آزادکشمیر میں قائد عوام اور پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین کا یوم شہادت عقیدت و احترام سے منایا جائے گا ۔کشمیری عوام کشمیر کے لیے ایک ہزار سال تک جنگ کے نظرئے کے خالق کی جرات ہمت اور شجاعت کو خراج عقیدت پیش کریں گے جنہوں نے اس ملک کے عوام کے لیے اپنی جان پیش کر دی ۔

حکومت نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 35ویں برسی سرکاری سطح پر منانے کا اعلان کیا ہے جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے ۔ وزیرا عظم چوہدری عبد المجید کی ہدایت کے مطابق شہید بھٹو کی برسی کے موقع پرریاست بھر میں عام تعطیل ہو گی ۔سید بازل علی نقوی نے کہا کہ آج پیپلز پارٹی کی تمام ڈویژن ،ضلع ،سٹی اور ذیلی تنظیمیں کے زیر اہتمام بڑی تقریب سینٹرل پریس کلب مظفرا ٓباد میں ہوگی جس سے پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور وزیر خزانہ چوہدری لطیف اکبر خطاب کریں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ریاست بھر سے قافلے بھی شہید بھٹو کی برسی میں شرکت کے لیے گڑھی خدا بخش روانہ ہو چکے ہیں ،خود وزیر اعظم کی قیادت میں بھی قافلہ گڑھی خدا بخش روانہ ہو چکا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اس دن کی مناسبت سے اخبارات خصوصی ضمیمے شائع کریں گے جب کہ کیبل اور ریاست میں چلنے والے ریڈیو چینلز سے اس دن کی مناسبت سے خصوصی پروگرام بھی نشر کئے جائیں گے ۔

سید بازل علی نقوی نے کہاکہ قائد عوام نے اس ملک کے غریبوں ،محکوموں اور مزدوروں کیلئے اپنی جان قربان کی ۔انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو چاہتے تھے کہ اس ملک میں عنان اقتدار عام لوگوں کے پاس ہو کیوں کہ اس ملک کے وسائل پر جتنا حق سرمایہ داروں کا ہے اتنا ہی حق اس ملک کے غریبوں اور ناداروں کا بھی ہے ۔انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو نے اپنی جان تو قربان کر دی مگر عوام کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا یہی وجہ ہے کہ آج کراچی سے لیکر نیلم تک نہ صرف پی پی پی کا سہہ رنگا جھنڈا لہرا رہا ہے بلکہ شہید بھٹو کے نام اور کام کا ڈھنکا چار سو عالم ہے ۔

۔سید بازل علی نقوی نے کہا اس ملک میں جمہوریت پی پی پی کی وجہ سے ہے اور اگر جمہوریت مخالف قوتین کسی سے ڈرتی ہیں اور خائف رہتی ہیں تو وہ پیپلز پارٹی کا جیالاہے اور شہید بھٹو کا جانثار سپاہی ہے ۔

متعلقہ عنوان :