تھری جی ٹیکنالوجی متعارف ہونے سے ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے نئے دور کا آغاز ہو گا ،نواز شریف ،توانائی کے بحران پر قابو پانے کیلئے اقدامات اٹھائے ہیں ، آئندہ چند برسوں میں شارٹ فال پورا کر لیا جائیگا ،وفد سے گفتگو

جمعرات 3 اپریل 2014 20:40

تھری جی ٹیکنالوجی متعارف ہونے سے ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے نئے ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3اپریل۔2014ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ تھری جی ٹیکنالوجی متعارف ہونے سے ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ وہ جمعرات کو ”ومپل کام“ کے سی ای او جولنڈر، ”ایمرٹس“ کے شریک بانی اور چیئرمین اوگئی کے فبیلا اور ”موبی لنک“ کے سی ای او اور صدر راشد خان پر مشتمل ٹیلی کام صنعت کے تین رکنی وفد سے گفتگو کررہے تھے۔

و انہوں نے کہا کہ ہم بھرپور نجکاری پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کو کاروبار نہیں چلانا چاہیے بلکہ کاروبار میں سہولت پیدا کرنی چاہیے اور اس مقصد کے لئے ہم نے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ کیا ہے۔ وفد نے حکومت کی نجکاری پالیسی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پالیسی معیشت کو تقویت دے گی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ قومی معیشت تیزی سے ترقی کر رہی ہے، سٹاک ایکس چینج میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر مستحکم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لئے اقدامات اٹھائے ہیں اور آئندہ چند برسوں میں شارٹ فال پورا کر لیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تھری جی ٹیکنالوجی متعارف ہونے سے ترقی کرتی ہوئی معیشت کو ضروری قوت ملے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ تھری جی لائسنس کی نیلامی میں تمام قومی اور بین الاقوامی مسابقت کار حصہ لے سکیں گے اور یہ شفاف انداز میں دیا جائے گا، ہم توقع رکھتے ہیں کہ بین الاقوامی بولی دہندگان بھی تھری جی لائسنس کے عمل میں حصہ لیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آئی ٹی کا شعبہ ٹیلی کام اور بینکاری شعبوں سمیت مختلف شعبوں پر محیط ہوتا جا رہا ہے اور ہمارے سرمایہ کاروں کو اس مظہر سے استفادہ کرنا چاہیے اس کے علاوہ اس سے نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔