مدارس امن وامان اور محبت کے مراکز ہیں،حکمرانوں کو طلبہ کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے،پروفیسرابراہیم، طالبان کی جانب سے جنگ بندی میں توسیع اچھی بات ہے ،حکومت سرد مہری کا مظاہرہ کررہی ہے،تقریب سے خطاب

جمعہ 4 اپریل 2014 20:48

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4اپریل۔2014ء) جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا ہے کہ حکمرانوں کومدارس کے طلبہ کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے۔مدارس امن وامان اور محبت کے مراکز ہیں۔ مدارس کے طلباء پر امن اور محب وطن ہیں ۔ ان پر دہشت گرد کا لیبل لگانا دین کے ساتھ مذاق ہے۔کوشش ہے ملک میں امن قائم ہو۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے نشترہال میں تنظیم بزم قرآن کے زیر اہتمام مقابلہ حسن قرأت کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ قرآن میں تمام مسائل کا حل موجود ہے۔ حکمرانوں کومدارس کے طلبہ کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ امن مذاکرات جاری ہیں اور ہم امید رکھتے ہیں کہ امن قائم ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو بغیر کسی دباوٴ کے جنگ بندی پر قائم رہناچاہئے مذاکرات کو تیسری قوت سبوتاژ کرنا چاہتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت اور طالبان کمیٹیوں کے درمیان آج (ہفتہ کو) ملاقات متوقع ہے۔

ملاقات کا اصل ایجنڈہ ملک میں امن کی بحالی اور اس سے متعلق دیگر امور اور طالبان اور حکومتی کمیٹی کی اگلی ملاقات کے لئے وقت اور جگہ کا تعین ایجنڈے کا حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ طالبان کی جانب سے جنگ بندی میں توسیع اچھی بات ہے تاہم حکومت کی طرف سے سرد مہری کا مظاہرہ کیا جارہا ہے جو کہ مذاکراتی عمل کے لئے نقصان دہ ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت طلبہ عربیہ خیبر پختونخوا کے منتظم سراج الحق نے کہا کہ طالبان سے مذکرا ت میں حکومت ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے عوام امن کو ترس رہے ہیں۔

مفادات کی سیاست کو چھوڑکر طالبان سے مذاکرات کو تیزی سے آگے بڑھانا ہو گا۔انہوں نے کہا نے کہ حالات کی نزاکت کو دیکھتے ہو ئے تیزی کے ساتھ مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھاناہوگا۔آئے روز دھماکوں سے عوام ذہنی مریض بن چکی ہے۔ اسلام اور ملک وملت کو بچانے کیلئے تمام سیاسی جماعتیں آگے آئیں۔انہوں نے کہا کہ جمعیت طلبہ عربیہ مدارس کے طلبہ کی نمائندہ تنظیم ہے اور مذاکراتی عمل میں تعاون کے لئے تیار ہے ۔تقریب سے جماعت اسلامی کے رہنما اور سابق ممبر قومی اسمبلی مولانا عبدالاکبر چترالی، جماعت اسلامی ضلع پشاور کے نائب امیر حاجی محمد اسلم، تقریب کے اختتام میں پوزیشن ہولڈرز کو نقد انعامات اور شیلڈز سے نوازا گیا۔

متعلقہ عنوان :