لبنان ‌میں ناخلف لڑکے نے لائیو پروگرام میں ماں کو ٹھڈا ماردیا

جمعہ 4 اپریل 2014 02:20

لبنان ‌میں ناخلف لڑکے نے لائیو پروگرام میں ماں کو ٹھڈا ماردیا

بیروت(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4اپریل۔2014ء)لبنان کے ایک سرپھرے ناخلف لڑکے نے ٹیلی ویڑن کے ایک لائیو شو کے دوران اپنی والدہ کو والد کے خلاف بات پر طیش میں آکر ٹھڈا ماردیا ہے۔العربیہ ٹی وی کے مطابق لبنان کے فیوچر ٹیلی ویڑن نیٹ ورک نے سات سال سے بچھڑے ہوئے ماں بیٹے کو ملانے کے لیے براہ راست نشر ہونے والے پروگرام میں مہمان کے طور پر بلایا تھا مگر یہ ملاقات دونوں ماں بیٹے کے درمیان مزید رنجش اور کشیدگی کا سبب بن گئی ہے۔

پندرہ سالہ احمد نے پہلے تو اپنی والدہ سے سرے سے ملنے سے ہی انکار کردیا تھا۔ مگر ٹیم نے احمد کو لائیو پروگرام میں اپنی والدہ سے ملاقات کے لیے آمادہ کر ہی لیا تھا۔اسٹوڈیو میں ان دونوں کے درمیان میز حائل تھی اور وہ خاتون اپنا دفاع کررہی تھی کہ اس نے اس کے باپ سے کیوں طلاق لی تھی۔

(جاری ہے)

اس خاتون کا کہنا تھا کہ اس کا والدہ فحش کلام اور متشدد تھا اور اس نے اسی وجہ سے اس سے طلاق لے لی تھی۔

اس خاتون نے بتایا کہ ان کے درمیان طلاق کا فیصلہ عدالت میں ہوا تھا لیکن عدالت میں بھی احمد کے والد نے ججوں اور شیوخ کے سامنے اس پر حملہ کردیا تھا۔خاتون نے پروگرام میں یہ الفاظ کہے ہی تھے کہ ناخلف احمد طیش میں آگیا اور اس نے اپنے والد کا دفاع شروع کردیا۔اس کی ماں نے جواب میں صرف اتنا کہا کہ وہ ایسے بول رہا ہے جیسے وہ نشے میں ہو اور اس کی آواز بھی ایسی ہی لگ رہی ہے۔

بس پھر کیا تھا احمد طیش میں آگیا اور غصے سے آگ بگولا ہوگیا۔وہ اچانک کرسی سے اٹھ کر میز پر کھڑا ہوگیا اور اپنی والدہ کے منہ پر ٹھڈا مار دیا۔یہ سب کچھ اتنی تیزی سے اور آناً فاناً ہوا کہ پروگرام کی ٹیم اس کو سنبھال ہی نہیں سکی اور وہ ٹی وی شو کے ناظرین کے سامنے اپنی ماں کی اس قدر توہین کا مرتکب ہوگیا۔یہ اور بات ہے کہ اس کے کرسی سے اٹھنے کے ساتھ ہی پروگرام کی ٹیم بھی حرکت میں آگئی اور وہ اس کو پکڑ کر والدہ سے دور لے گئی لیکن تب تک وہ اپنا کام کرچکا تھا۔پروگرام کے آخر میں میزبان زاوین قیومجیان کا کہنا تھا کہ وہ اس مسئلے کو حل کرائیں گے اور ماں بیٹے کی شکررنجیاں دور کرکے ان کو آپس میں ملوادیں گے۔