کشمیری عوام مسئلہ کشمیر کا کوئی مصنوعی حل ہر گز قبول نہیں کریں گے ، سید علی گیلانی

ہفتہ 5 اپریل 2014 16:36

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5اپریل 2014ء) بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ کشمیری عوام مسئلہ کشمیرکا کوئی مصنوعی حل حل ہرگز قبول نہیں کریں گے ، کشمیری قربانیاں حق خود ارادیت کے حصول کیلئے دے رہے ہیں نہ کہ کسی مسلط کئے گئے حل کیلئے۔سید علی گیلانی نے نئی دہلی میں موجود پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کے ساتھ اپنی ملاقات میں کہا کہ بھارت پاکستان کو درپیش اندرونی اور بیرونی مسائل سے فائدہ اٹھا کر کشمیر پر اپنی مرضی کا فیصلہ مسلط کرنا چاہتا ہے۔

بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کی سرپرستی میں قائم فورم کے ترجمان نے ایک میڈیاانٹرویو میں کہا کہ عبدالباسط نے وزیراعظم محمد نواز شریف کا ایک خصوصی پیغام سید علی گیلانی تک پہنچانے کے علاوہ انہیں پاکستان کے دورے کی بھی دعوت دی۔

(جاری ہے)

سید علی گیلانی نے پاکستان کے سفیر کے ساتھ مسئلہ کشمیر پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور وزیر اعظم نواز شریف کے لیے انہیں ایک پیغام بھی دیا۔ پیغام میں امید کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان کشمیریوں کی تحریک آزادی کی بھر پور سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ پاکستانی ہائی کمشنر نے مسئلہ کشمیر بارے سید علی گیلانی کے موٴقف کی تعریف کی اور پاکستان کی سیاسی قیادت کے ساتھ تفصیلی تبادلہ کیلئے انہیں یہاں کے دورہ کی دعوت دی۔