مریضوں کے علاج معالجہ میں غفلت یا سستی ہر گزبرداشت نہیں کی جائیگی،شہرام خان ترکئی، پراجیکٹس میں ضروری سٹاف کی تعیناتی کے سلسلے میں میر ٹ کو ہر قیمت پر یقینی بنایاجائے ،وزیرصحت خیبرپختونخوا کااجلا س سے خطاب

ہفتہ 5 اپریل 2014 21:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5اپریل۔2014ء) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر صحت شہرام خان تراکئی نے کہا ہے کہ مریضوں کے علاج معالجہ میں غفلت یا سستی ہر گزبرداشت نہیں کی جا سکتی اس لئے متعلقہ افسران اس سلسلے میں عوامی شکایات کے ازالے اور دکھی انسانیت کو طبی سہولتوں کی بروقت فراہمی یقینی بنائیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے پشاور میں شعبہ صحت کے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام کی پیش رفت کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر سیکرٹری محکمہ صحت غلام قادر، سپیشل سیکرٹری اکبر خان،ایڈیشنل سیکرٹری انیس الرحمان اور پراجیکٹس ڈائریکٹرز بھی موجود تھے۔ اجلاس میں ٹی بی کنٹرول، ملیریا،ڈینگی،ایل ایچ ڈبلیو اور ایم این سی ایچ سمیت صحت کے دیگر پراجیکٹس پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور ان پروگراموں کو جدید تقاضوں اور عوامی ضروریات و خواہشات کے مطابق بہتر بنانے سے متعلق فیصلے کئے گئے۔

(جاری ہے)

مذکورہ پروگراموں سے متعلق بریفنگ پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر صحت نے پراجیکٹس پر کام تیزتر کرنے،رقوم کے بے جا استعمال کو روکنے اور اداروں پر عوام کا اعتماد بحال کرنے کے لئے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی اور کہاکہ پراجیکٹس میں ضروری سٹاف کی تعیناتی کے سلسلے میں میر ٹ کو ہر قیمت پر یقینی بنایاجائے تاکہ صحت کے ادارے فعال ہوں اور عوام کو ریلیف مل سکے۔

انہوں نے مختلف بیماریوں کی روک تھام کے لئے عوام میں آگہی مہم تیز کرنے کی بھی ہدایت کی اور پراجیکٹس ڈائریکٹروں کو تاکید کی کہ وہ آئندہ اجلاس میں اپنے منصوبوں سے متعلق تمام تفصیلات اپنے ساتھ لائیں تاکہ تفصیلی جائزے کے بعد صحت کے پروگراموں کو موثر بنایا جاسکے۔انہوں نے ٹی بی اور ہپاٹائٹس جیسی بیماریوں کی ادویات کی فراہمی کو مریضوں کے لئے سہل اور دستیابی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :