پی پی حکومت تھرڈ گیر بھی توڑ چکی ، دھکوں سے کام نہیں چلے گا ، پہیہ رک چکا ہے ،آصف مصطفائی

منگل 8 اپریل 2014 15:54

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 8اپریل 2014ء)پی پی حکومت تھرڈ گیر بھی توڑ چکی ہے ، دھکوں سے کام نہیں چلے گا ، پہیہ رک چکا ہے ، بوسیدہ گاڑی کس کام کی ،حکمرانوں کواپنے کئے کی سزا عنقریب ملنے والی ہے ،چوہدری مجید بے بس ہوچکے ہیں ، ہاتھ پیرمارنے سے بھی کچھ نہیں ملے گا۔مسلم لیگ ن عوام کو نجات دلانے کیلئے پی پی حکومت کا خاتمہ کرکے دم لے گی ، ان خیالات کااظہار مسلم لیگ ن سٹی مظفرآباد کے جنرل سیکرٹری آصف مصطفائی نے اپنے جاری کردہ اخباری بیان میں کیا ، انہوں نے کہاکہ آزادخطہ میں پی پی کاوجود قابل قبول نہیں ، چہرے بدلنے سے نظام میں بہتری نہیں لائی جاسکتی ، نظام منشور اورکمٹمنٹ سے چلتے ہیں ، انہوں نے کہاکہ اگرہوائی اعلانا ت سے تعمیروترقی پایہ تکمیل تک پہنچی تو ایسے میں پی پی کاکوئی ثانی نہیں ، پی پی چورلٹیروں کی جماعت ہے ، زرداری نے پاکستانی عوام کاکچومرنکالا اورآزاد خطہ میں اُس کی باقیات مجاورحکومت خوب عوام کاکچومر نکال رہی ہے ، زرداری باقیات کاخاتمہ کرکے دم لیں گے ، انہوں نے کہاکہ نہ چوہدری مجید حکومتی نظام چلانے کے قابل ہیں اور نہ ہی سبز سرخ بتیاں ۔

(جاری ہے)

اڑھائی سالوں کے دوران چوہدری مجید کرپشن کرتے رہے جبکہ بیرسٹرسلطان انہیں سبز سرخ بتیاں دکھاتے رہے ، عوام کو بیوقوف نہ بنایاجائے ، پی پی خود ٹوٹ پھوٹ کاشکار ہے وہ بگڑے ہوئے نظام کو کیسے ٹھیک کرسکتی ہے ، انہوں نے کہاکہ آزادکشمیرمیں تعمیروترقی کاانقلاب صرف اورصرف فخرقائد مسلم لیگ ن راجہ فاروق حیدرخان ہی لاسکتے ہیں ، مسلم لیگ ن جلد اقتدارمیں آکر عوامی محرومیوں کا ازالہ کرے گی ، چورلٹیروں کو عوامی کٹہرے میں لائیں گے جہاں انہیں جوتے پڑیں گے ، پائی پائی کاحساب لیں گے ، آصف مصطفائی کاکہناتھاکہ مسلم لیگ ن جلد اقتدار میں آنیوالی ہے تبدیلی کادنگل بج چکاہے جلد مسلم لیگ ن کا بول بالاہوگا۔