Live Updates

پنجاب حکومت اور نادرا کے درمیان صوبے میں اسلحہ لائسنسوں کو کمپیوٹرائزڈکرنے کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ،شہباز شریف کا ایک اور انقلابی اقدام،پنجاب میں کمپیوٹرائزڈ اسلحہ لائسنس جاری ہوں گے،صوبائی حکومت اور نادرا میں معاہدہ، اسلحہ لائسنسوں کے اجراء کے موجودہ نظام کو تبدیل کر کے ایک مربوط اور جامع کمپیوٹرائزڈآرمز لائسنس انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم تشکیل دیا جائیگا،مرحلہ وار پروگرام کے تحت پرانے اسلحہ لائسنسوں کی جگہ نئے کمپیوٹر چپ والے کارڈز جاری ہوں گے،معاہدہ پرامن معاشرے کی تشکیل کی جانب اہم سنگ میل ہے،پنجاب میں ہر لائسنس کا چپ کارڈ اسلحہ بنانیوالوں ، اسلحہ بیچنے والوں اور اسلحہ مرمت کرنیوالوں کیساتھ ڈیٹا بیس کے ذریعے مربوط ہوگا‘ شہباز شریف ،وزیراعلیٰ پنجاب کی کمپیوٹرائزڈ اسلحہ لائسنسوں کے اجراء کے منصوبہ کیلئے نادرا کو لینڈ ریکارڈ انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم کے تحت ڈیٹا بیس استعمال کرنے کی پیشکش ،نادرا اورپنجاب حکومت کے درمیان کمپیوٹرائزڈ اسلحہ لائسنسوں کے اجراء بارے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ایک اہم پیش رفت ہے‘ چوہدری نثار

منگل 8 اپریل 2014 20:04

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8اپریل۔2014ء) پنجاب حکومت اور نادرا کے درمیان صوبے میں اسلحہ لائسنسوں کو کمپیوٹرائزڈکرنے کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ماڈل ٹاوٴن میں ہونے والی تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان تھے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے سیکرٹری داخلہ میجر (ر) اعظم سلیمان جبکہ نادرا کی جانب سے قائم مقام چےئرمین شاہد حامد نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔

معاہدے کے تحت صوبے میں اسلحہ لائسنسوں کے اجراء کے موجودہ نظام کو تبدیل کر کے ایک مربوط اور جامع کمپیوٹرائزڈآرمز لائسنس انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم تشکیل دیا جائے گا۔مرحلہ وار پروگرام کے تحت تمام پرانے اسلحہ لائسنسوں کی جگہ نئے کمپیوٹر چپ والے کارڈز جاری ہوں گے۔

(جاری ہے)

کمپیوٹرائزڈ اسلحہ لائسنس جاری کرنے کا پراجیکٹ 140دن میں مکمل کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت اور نادرا کے درمیان کمپیوٹرائز آرمز لائسنس انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم تشکیل دینے کے لیے معاہدہ خوش آئند ہے ۔پنجاب میں اسلحہ لائسنسوں کی کمپیوٹرائزیشن کا منصوبہ ایک پرامن معاشرے کی تشکیل کی جانب اہم سنگ میل ہے۔میں پنجاب حکومت کی جانب سے وزیراعظم محمد نواز شریف ،وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اورنادرا کے حکام کا اسلحہ لائسنسوں کے اجراء کے پورے نظام کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کے حوالے سے بھر پور تعاون پر دلی کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں ۔

انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت اور نادرا اسلحہ کے لائسنسوں کے اجراء کے موجودہ نظام کو تبدیل کرکے ایک مربوط اور جامع کمپیوٹرائزڈ آرمز لائسنس انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم تشکیل دیں گے۔ پنجاب میں بوسیدہ اور فرسودہ کتابچوں کی شکل میں موجودہ لائسنسوں کو کمپیوٹر کے چپ کارڈ میں تبدیل کیا جائے گا۔ حکومت پنجاب نادرا کے ساتھ مل کر آج ایسے نظام کی داغ بیل ڈال رہی ہے جس کا مقصد اسلحہ کے لائسنسوں کے اجراء کے موجودہ نظام کو تبدیل کرکے اسے ایک مربوط اور جامع کمپیوٹرائزڈ آرمز لائسنس انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم کی شکل دینا ہے،جس سے اسلحہ کے لائسنسوں کے اجراء کے موجودہ سسٹم میں خامیاں دور ہوں گی - اگر ہم نے اہل پاکستان کوایک پرامن اور تشدد سے پاک ماحول فراہم کرنا ہے تو ہمیں اسلحہ سے پاک معاشرے کی منزل کے لئے تگ و دو کرنا ہوگی-میرے نزدیک پنجاب میں اسلحہ کے لائسنسوں کی کمپیوٹرائزیشن کا فیصلہ اس منزل کے حصول کی طرف ایک اہم اور انقلابی اقدام ہے- انہوں نے کہا کہ ہم اس پروگرام کے تحت پنجاب میں بوسیدہ اور فرسودہ کتابچوں کی شکل میں موجود لائسنسوں کو کمپیوٹر کے چپ (CHIP)کارڈز میں تبدیل کردیں گے - کمپیوٹرائزڈ ہونے کے بعدپنجاب میں ہر لائسنس کا یہ چپ کارڈ اسلحہ بنانے والوں ، اسلحہ بیچنے والوں اور اسلحہ کی مرمت کرنے والوں کے ساتھ ایک ڈیٹا بیس کے ذریعے مربوط ہوگا اور امن عامہ سے متعلق اس اہم پراجیکٹ کے لئے نادرا جیسا رفیق کار میسر آرہا ہے-انہوں نے کہاکہ آج کے اس معاہدے کے مطابق پنجاب کے تمام36 اضلاع میں ایک مرحلہ وار پروگرام کے تحت کمپیوٹرائزڈ لائسنسوں کے اجراء کا نظام قائم کیا جائے گا اوریہ نظام پنجاب بھر کے تمام اسلحہ بنانے والوں ، اسلحہ ڈیلروں اور اسلحے کی مرمت کرنے والوں کے ڈیٹا بیس سے منسلک ہوگا -اس نظام کا ایک مرکز محکمہ داخلہ کی عمارت میں بھی قائم کیا جائے گا جس کے رابطے صوبے کی سپیشل برانچ اور ڈی پی اوز کے ساتھ ہوں گے-پراجیکٹ کا آغاز ابتدائی طور پر صوبے کے پانچ اضلاع سے کیا جارہا ہے- انہوں نے کہا کہ آج کا دور انفارمیشن ٹیکنالوجی کا دور ہے،پنجاب حکومت زندگی کے ہر شعبے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال میں ہمیشہ آگے رہی ہے- لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزیشن، ڈینگی کے خلاف مہم میں سمارٹ کیمروں اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کا استعمال ، مذہبی و قومی تہواروں مثلا عاشورہ وغیرہ کے موقع پر آئی ٹی پر مبنی مربوط حفاظتی نظام اسی سلسلے کی کڑی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں بے تحاشہ اسلحہ لائسنس جاری کیے گئے اور ایسے ہتھیاروں کے بھی لائسنس بھی جاری کیے گئے جو کہ ممنوعہ بورکے تھے ۔ انہوں نے کہاکہ امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے حوالے سے کمپیوٹرائزڈ اسلحہ لائسنسوں کا اجراء کا فیصلہ انتہائی اہم اورانقلابی اقدام ہے جس سے ناجائز اسلحہ کے سدباب میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ نادرا اور پنجاب حکومت میں ایک ٹیم طور پر کام کریں گے۔

وزیراعلیٰ نے کمپیوٹرائزڈ اسلحہ لائسنسوں کے اجراء کے منصوبہ کے لیے نادرا کو لینڈ ریکارڈ انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم کے تحت پنجاب حکومت کے پاس موجود ڈیٹا بیس استعمال کرنے کی پیش کش کرتے ہوئے کہا کہ نادرا کمپیوٹرائز اسلحہ لائسنسوں کے اجراء کے حوالے سے لینڈ ریکارڈ انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم سے استفادہ کرسکتا ہے،جس سے منصوبے کی لاگت میں خاطر خواہ کمی آئے گی اور منصوبہ جلد مکمل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ لینڈ ریکارڈ انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم کا منصوبہ رواں سال کے آخر تک مکمل ہوجا ئے گا جس پر گیارہ ارب روپے خرچ کیے جارہے ہیں اور اس منصوبے میں بھی بائیو میٹرک سسٹم کے ذریعے شہریوں کی شناخت کا نظام وضع کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہمنصوبے پر تیز رفتاری کے ساتھ عملدر آمد کیا جائے گا۔کمپیوٹرائزڈ اسلحہ لائسنسوں کے اجراء کے حوالے سے بھرپور آگاہی مہم چلائی جائے گی۔

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نادرااور پنجاب حکومت کے درمیان کمپیوٹرائزڈ اسلحہ لائسنسوں کے اجراء کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ایک اہم پیش رفت ہے اور وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف ٹائم لائن کے اندر منصوبے پایہ تکمیل تک پہنچانے کے حوالے سے شاندار ریکارڈ رکھتے ہیں۔ تقریب میں صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ، کرنل (ر) شجاع خانزادہ، سٹینڈنگ کمیٹی برائے داخلہ امور کے چیئرپرسن مخدوم سید مسعود عالم، پارلیمانی سیکرٹری مہر اعجاز احمد ،چیف سیکرٹری،چےئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، انسپکٹر جنرل پولیس، ،پنجاب حکومت کے اعلی حکام اور نادرا کے افسران نے بھی شرکت کی۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات