پشاور اور مالاکنڈ ریجن کی سپیشل پولیس فورس کی تنخواہوں میں اضافہ، عوام کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے خیبر پختونخوا سپیشل پولیس فورس کے کنٹریکٹ کی معیاد میں دو سال کی توسیع کرنے اور سپیشل پولیس فورس کی تنخواہیں بڑھانے کی منظوری دیدی گئی

جمعرات 10 اپریل 2014 21:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10اپریل۔2014ء) حکومت خیبر پختونخوا کی جانب سے امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے اور عوام کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے خیبر پختونخوا سپیشل پولیس فورس کے کنٹریکٹ کی معیاد میں دو سال کی توسیع کرنے اور سپیشل پولیس فورس کی تنخواہیں بڑھانے کی منظوری دے دی گئی ہے جبکہ محکمہ خزانہ کی جانب سے اس سلسلے میں نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

پشاور ریجن اور مالاکنڈ ریجن کی سپیشل پولیس فورس کے2925اہلکاروں کی تنخواہوں میں پانچ ہزار روپے ماہانہ کا اضافہ کر دیا گیا ہے جبکہ سپیشل پولیس فورس کے2925کو تین ماہ کے اضافی واجبات کی ادائیگی بھی کی جائے گی۔سیکرٹری محکمہ داخلہ و قبائلی امور سید اختر علی شاہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سپیشل پولیس فورس کے کنٹریکٹ کی مدت31دسمبر2013کو ختم ہو گئی تھی جس کے بعد صوبائی حکومت کو سمری ارسال کرتے ہوئے سفارش کی گئی کہ پشاور ریجن اور مالاکنڈ ریجن میں امن و امان کی صورتحال مزید بہتر بنانے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سپیشل پولیس فورس کے اہلکار خیبر پختونخواپولیس فورس کے جوانوں کے ساتھ مل کر مثالی کردار اداکر رہے ہیں جبکہ سپیشل پولیس فورس کے اہلکاروں کی جانب سے امن کے قیام کے لئے بہت بڑی قربانیاں دی گئی ہیں لہذاسپیشل پولیس فورس کی ملازمت کے کنٹریکٹ کی مدت میں توسیع کی جائے اور ان کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری داخلہ و قبائلی امور سید اختر علی شاہ نے کہا کہ صوبائی حکومت کی طرف سے خیبر پختونخواکو محفوظ صوبہ اور امن کا گہوارہ بنانے اور دہشت گردی،بد امنی و لاقانونیت کے خاتمے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور پولیس فورس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے موثر اقدامات کر لئے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :