تنظیم غیر جریدہ ملازمین میونسپل کارپوریش میرپور کی مطالبات کی عدم منظوری کیخلاف ہڑتال دوسرے روز میں داخل

جمعہ 11 اپریل 2014 15:05

میرپور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11اپریل 2014ء) تنظیم غیر جریدہ ملازمین میونسپل کارپوریش میرپور کی طرف سے مطالبات کی عدم منظوری کیخلاف ہڑتال دوسرے روز میں داخل، دفاتر کی مکمل تالہ بندی ، کارپوریشن ملازمین کی ہڑتال کے باعث سائلین خوار، کارپوریشن انتظامیہ سے مذاکرات ناکام ،ہڑٹال جاری رکھنے کا عزم ۔تفصیلات کے مطابق میونسپل کارپوریشن میرپور کے سینکٹروں ملازمین دفاتر کو تالہ لگانے کے بعد احاطہ کارپوریشن میں جمع ہو گئے۔

مظاہرین نا اہل انتظامیہ ہائے ہائے ، نا اہل بورڈ ہائے ہائے، نا اہل سیکرٹری بورڈ ہائے ہائے، ظلم و ستم ہائے ہائے ،ہمارے مطالبات پورے کروکے نعرے لگا رہے تھے۔ احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے صدر تنظیم غیر جریدہ ملازمین میونسپل کارپوریش میرپور راجہ خادم حسین ، جنرل سیکرٹری شاہد حسین سلہریا، جنرل سیکرٹری تنظیم ضلع میرپور مرزا عبدالبشیر جرال ، صدر ریٹائرڈ پینشنرز ویلفیئر ایسوسی ایشن میرپور مجاہد محمود بٹ ، راحیل احمد بٹ ، سیکرٹری مالیات چوہدری محمد رضوان ، مرزا گلریز اختر جرال ، بشارت علی بھٹی ، سینئر نائب صدر نوید میر، سیکرٹری نشرواشاعت محمد آصف سلیم ، سابق ڈپٹی سیکرٹری میاں محمد عبداللہ ،راشد علی بزمی، ملک شہباز نے حکومت آزادکشمیر ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ اور سیکرٹری مالیات کی طرف سے چارٹر آف ڈیمانڈ سے عدم دلچسپی اور بے حسی کے خلاف تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رہے گی ۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ ادارہ لوکل گورنمنٹ بورڈ لوکل کونسل ملازمین کے مسائل کے حل کے لئے بنایا گیا تھا جبکہ یہ ادارہ بلدیاتی ادارہ جات کے ملازمین کے لئے مسائل ہی پیدا کر رہاہے ۔ایسے ادارہ کی ریاست میں کوئی ضرورت نہیں۔ مقررین نے کہا کہ پنشن کی رقم سے بورڈ اور وزیروں کی گاڑیوں کی مینٹینس کرنے کے بجائے پپنشنرز کو تین ماہ کی پنشن کے بقایاجات کی ادائیگی کی جائے۔

صدر تنظیم غیر جریدہ ملازمین میونسپل کارپوریش میرپور راجہ خادم حسین نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ بورڈ میں آئے روز سروس رولز کے منافی تقرریاں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سینئر سکیل سٹینو گرافر سکیل بی۔16 کی آسامی پر ایک ایسے فرد کی تعیناتی کی گئی ہے جو سٹینو گرافر کی الف بے سے بھی واقف نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ قبل ازیں بغیر مشتہر کیے چار ہیڈ کلرکوں کو لگا دیا گیا ہے اور بدوں استحقاق ترقیاب کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شعبہ صحت و صفائی کے ملازمین کے لئے تا حال تہواری الاؤنس کی منظوری نہیں دی گئی جس سے ملازمین صحت و صفائی میں تشویش پائی جاتی ہے۔ جنرل سیکرٹری شاہد حسین سلہریانے کہا کہ مطابق وعدہ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ کارپوریشن ملازمین کی تنخواہوں سے پنشن کی مد میں ہونے والی 2 فیصد کٹوتی فوراً بند کریں۔ انہوں نے کہا کہ کارپوریشن اساتذہ کے لئے ٹائم سکیل کا معاملہ سیکرٹری مالیات آزادکشمیر کے پاس زیر التواء ہے جو منظوری کا منتظر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملازمین اتفاق و اتحاد برقرار رکھیں تو کوئی وجہ نہیں کہ ہم مطالبات کی منظوری حاصل نہ کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاج اور ہڑتال جاری رہے گی۔ جنرل سیکرٹری تنظیم ضلع میرپور مرزا عبدالبشیر جرال نے کہا کہ ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن پر کسی قسم کا کمپرومائز نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ میونسپل کالونی کی خستہ حالی کسی بھی وقت کسی بڑے سانحہ کا باعث بن سکتی ہے کارپوریشن انتظامیہ کو چاہئے کہ فوری طور پر اس کا سد ِباب کریں۔

راحیل احمد بٹ نے کہا کہ کارپوریشن انتظامیہ ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے جلد از جلد سلیکشن کمیٹی کا اجلاس طلب کرے اور ملازمین کو مستقل کرنے کی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ مہنگائی کے ہاتھوں پسے ہوئے ملازمین بھی عزت کے ساتھ اپنے فرائض منصبی کی ادائیگی کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے اندر دہرہ معیار کسی طور قابل قبول نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 2007ء میں اپ گریڈہونے سے رہ جانے والے کیڈرز ٹیکس انسپکٹرز ، سینٹری انسپکٹرز ، کیشیئرز ، سٹور کیپرز ، ریڈرز ، اوکٹرائے کلرکس ، انسپکٹر زکنٹرول تجاوزات اور دیگر ہم پلہ کیڈرز کی اپ گریڈیشن کا عمل مکمل کیا جائے اور ریاست کے اندر دہرے معیار کا خاتمہ کیا جائے۔