وفاق سے صوبے میں پیدا قدرتی گیس کے استعمال کا حق منوا لیا ہے،پرویزخٹک،اضافی گیس سے سستی بجلی بنا کر صوبے میں صنعتی انقلاب برپا کرینگے، کرپٹ ،کمیشن خور چو روں اور لٹیروں نے میرے خلاف ایکا کر لیا ہے ،میرے اورمیری حکومت کیخلاف دن رات سازشوں میں مصروف ہیں،وزیراعلی خیبرپختونخوا

جمعہ 11 اپریل 2014 20:03

وفاق سے صوبے میں پیدا قدرتی گیس کے استعمال کا حق منوا لیا ہے،پرویزخٹک،اضافی ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11اپریل۔2014ء) خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ وفاق سے صوبے میں پیدا قدرتی گیس کے استعمال کا حق منوا لیا ہے اب ہم یہاں کی اضافی گیس سے سستی بجلی بنا کر صوبے میں صنعتی انقلاب برپا کرینگے جس سے بے روزگاری میں بھی خاطر خواہ کمی آئے گی اُنہوں نے کہا کہ کرپٹ ،کمیشن خور چو روں اور لٹیروں نے میرے خلاف ایکا کر لیا ہے اورمیرے اورمیری حکومت کیخلاف دن رات سازشوں میں مصروف ہیں لیکن عوام میرے ساتھ ہیں تو سازشی عناصر میرا کچھ نہیں بگاڑ سکتے میں ان چوروں اور لٹیروں کا ڈٹ کر مقابلہ کروں گاوفاقی وزیر بجلی عابد شیر علی اپنے منہ کو لگا م دے وہ وزیر اعظم نواز شریف کیساتھ رشتہ داری کا غلط فائدہ نہ اٹھائے ملک کیلئے قربانیاں دینے والے پختونوں پر چوری کے الزامات لگانے کی بجائے واپڈاکو رشوت و بھتہ خوروں اوربجلی چوروں سے پاک کرکے اس محکمہ کی بحالی پر توجہ دے وہ نوشہرہ میں جلوزئی ہاؤسنگ سکیم کے بڑے رہائشی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد خوش مقام اور ڈاک اسماعیل خیل میں بڑے عوامی اجتماعات سے خطاب کررہے تھے جس سے صوبائی وزراء محمود خان ، میاں جمشید الدین کاکا خیل، وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے ہاؤسنگ امجد آفریدی، پارلیمانی سیکرٹری برائے منصوبہ بندی و ترقیات میاں خلیق الرحمن خٹک،ایم این اے ڈاکٹر عمران خٹک ، پی ٹی آئی کے رہنماؤں میاں ابراہیم شاہ ، شعیب خان ،ساجد خان لالہ اور اور دیگر عمائدین علاقہ نے بھی خطاب کیا مقررین نے پی ٹی آئی حکومت کے تبدیلی کے ایجنڈے کو سراہا نیز تھانوں و پٹوار خانوں کے روایتی کلچر میں مثبت تبدیلیاں لانے اور تعلیمی و طبی مراکز کو فعال بنا کر عملے کی حاضری یقینی بنانے،کرپشن کی بیخ کنی اور دیگرانقلابی تبدیلیوں پر وزیر اعلیٰ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا سیکرٹری ہاؤسنگ انجینئر زاہد عارف نے وزیر اعلیٰ کو بتایا کہ جلوزئی ہاؤسنگ سکیم پر لاگت کا تخمینہ گیارہ ارب روپے جبکہ آمدن بارہ ارب روپے سے زائد ہے جس میں پہلے سے نیلام اور الاٹ شدہ رہائشی پلاٹوں سے ساڑھے تین اور تجارتی پلاٹوں سے دو ارب روپے کی آمدن پہلے ہی ہو چکی ہے پلاٹوں کی کل تعداد8571 ہے جن میں پانچ مرلے کے تین ہزار، سات مرلہ کے 1809،دس مرلہ 1694 ، ایک کنال کے 1129 اور دو کنال کے 39 کمرشل پلاٹ شامل ہیں سکیم پر ترقیاتی کام فوری شروع کیا جا رہا ہے اور اگلے نو مہینے میں پایہ تکمیل تک پہنچا کر الاٹیوں کو پلاٹوں کے قبضے بھی دے دیئے جائیں گے اس منصوبے سے علاقے میں رہائشی مسائل حل ہونے کے علاوہ یہاں کی خوبصورتی کے علاوہ ماحولیاتی بہتری بھی آئے گی پرویز خٹک نے کہا کہ سابقہ دور حکومت میں ارکان اسمبلی سر عام ٹھیکوں میں بیس فیصد کمیشن وصول کر رہے تھے جسے حق بنا دیا گیا تھا اور کھلم کھلا ادا اور وصول کیا جاتا جبکہ معیار پر کوئی توجہ نہیں تھی اورٹھیکیداروں اور افسروں کو کھلی چھٹی تھی جس کی وجہ سے قوم کے اربوں روپے ہڑپ کئے گئے اداروں کوتباہ کرکے کھوکھلا بنا دیا گیا صورتحال یہ ہوگئی کہ سکول اور ہسپتالوں کی عمارتیں موجود ہیں مگر ان میں استاداور ڈاکٹر نہیں دنیا کتنی ترقی کرچکی ہے اور ہم کہاں کھڑے ہیں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور میراشروع دن سے ایک ہی نعرہ رہا ہے کہ سب سے پہلے اس فرسودہ نظام کوتبدیل اوردرست کیا جائے تب تبدیلی کے ثمرات خود بخود عوام دیکھیں گے ہمیں عوام نے منظور نظر لوگوں کو نوکریوں اورٹھیکوں کی بندر بانٹ کیلئے ووٹ نہیں دیئے ہمیں پورے نظام کی تبدیلی کیلئے مینڈیٹ دیا گیا ہماری صوبائی حکومت پاکستان تحریک انصاف اور عمران خان کے منشور پر عمل پیرا ہے اگر ہماری حکومت اس میں ناکام ہوتی ہے تو پھر تحریک انصاف پورے ملک میں ناکام ہوگی اسلئے میں اپنے منشور پر کوئی سمجھوتہ نہیں کروں گاپرویز خٹک نے کہا کہ بعض عناصر اپوزیشن کیساتھ ملکر ہمارے ایجنڈے کیخلاف سازشوں میں مصروف ہیں مگر انہیں منہ کی کھانی پڑے گی پرویز خٹک نے کہا کہ ہمارے صوبے کو دہشت گردی کیخلاف بے مقصد جنگ کی وجہ سے بڑا نقصان پہنچاہے اور یہی وجہ ہے کہ غربت اور بیروزگاری میں بے تحاشا اضافہ ہوا ہے میں عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ معاشی ترقی کیلئے تھوڑا صبر کریں سرکاری ملاز متیں اتنی تعداد میں نہیں اگر میں پورے صوبے کی سب ملازمتیں بھی جمع کرکے صرف اپنے حلقے میں بانٹ دوں جو میں ہر گز نہیں کروں گا تو صرف ایک حلقے کی بے روزگاری بھی ختم نہیں ہوسکتی ہم نے عوام کے ساتھ میرٹ اور انصاف کا وعدہ کیا ہے اس لئے ہر شعبے میں میرٹ کی بالادستی اور اسے قانونی تحفظ دے رہے ہیں ہم نے اسمبلی میں ریکارڈ قانون سازی کرلی ہے انہوں نے کہا کہ ہم صوبے کی سرپلس گیس سے سستی بجلی بناکر گدون امازئی، رسالپور، حطار، سوات اور جلوزئی سمیت تمام نئی اور پرانی صنعتی بستیاں آباد کریں گے اضاخیل میں پاکستان کی پہلی ٹیکنکل یونیورسٹی اور ائیر یونیورسٹی کی منظوری دے دی گئی جس پر بہت جلد کام شروع ہوگانوشہرہ ہسپتال کو ٹیچنگ ہسپتال کا درجہ دے دیا گیاہے جبکہ پرانے ہسپتال میں میڈیکل کالج کی منظوری دے گئی ہے ہم غریبوں کو ان کا حق دلائیں گے ہم نئے بلدیاتی نظام کے تحت تمام اختیارات عوام کو منتقل کررہے ہیں اورصوبائی وسائل کا 30 فیصد یعنی تقریباً چالیس ارب کا ترقیاتی فنڈ بھی بلدیاتی اداروں کو منتقل کررہے ہیں جو ایک انقلابی قدم ہے اُنہوں نے کہا کہ باقی صوبوں میں بلدیاتی نظام کے نام پر عوام کو دھوکہ دینے اور ٹرخانے کا پروگرام بنایا گیا ہے وہاں بلدیاتی انتخابات کے باوجود عوام کے مقامی مسائل جوں کے توں رہیں گے مگر خیبرپختونخو امیں اس نظام کی بدولت گلی محلوں اور تعلیمی و طبی مراکز سمیت ہر سطح پر عوام کو انقلابی تبدیلیاں ہو تی نظر آئیں گی۔