آزادحکومت اپنی آئینی مدت پوری کریگی ، عوام نے پیپلزپارٹی کو 5سال کیلئے مینڈیٹ دے رکھاہے ،چوہدری محمدرشید

ہفتہ 12 اپریل 2014 16:07

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12اپریل 2014ء)آزادحکومت کے وزیرمواصلات وتعمیرات عامہ چوہدری محمدرشید نے کہاہے کہ آزادحکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی ، عوام نے پیپلزپارٹی کو 5سال کیلئے مینڈیٹ دے رکھاہے چور دروازے سے کسی کواقتدارمیں داخل ہونے دیں گے اورنہ ہی عوام سے ان کاحق ، حق حکمرانی چھیننے کی سازش کامیاب ہوگی ، کارکردگی کی بنیاد پر 2016ء کے عام انتخابات میں عوامی عدالت سے سرخرو ہوکر عوامی خدمت کاسلسلہ جاری رکھیں گے ان خیالات کااظہار انہوں نے پارٹی کارکنان کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ، انہوں نے کہاکہ کراچی میں منعقدہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں صرف پارٹی اورحکومت کومزید منظم فعال اورعوامی خواہشات کے مطابق بنانے کی بات ہوئی کسی کی مخالفت نہیں کی گئی ، مخالفت بارے ڈس انفارمیشن پھیلائی گئی ، انہوں نے کہاکہ قائدایوان چوہدری عبدالمجید کوپارٹی کی ہائی کمان ، پارلیمانی پارٹی کی حمایت حاصل ہے انہوں نے کہاکہ شہید بابا ذوالفقارعلی بھٹو نے پیپلزپارٹی کی بنیاد ہی مسئلہ کشمیر پر رکھی اورکشمیرکی آزادی کیلئے ایک ہزارسال تک جنگ لڑنے کاتاریخی فلسفہ دے کرکشمیراورکشمیریوں کی اہمیت میں اضافہ کیا انہوں نے کہاکہ حکومت آزادکشمیر شہدائے گڑھی خدابخش کے مشن اورافکار ، سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری ، محترمہ فریال تالپور اوربلاول بھٹو زرداری کی ولولہ انگیز قیادت میں ان کے ویژن کے مطابق مسئلہ کشمیر کوعالمی سطح پراجاگرکرنے سمیت علاقائی تعمیروترقی اورعوامی خوشحالی کے کاموں میں مصروف عمل ہے انہوں نے کہاکہ موجود ہ حکومت کی کارکردگی کی بہترین مثالیں میڈیکل کالجز ، وویمن یونیورسٹی ، سڑکات کے میگا منصوبہ جات ہیں جن سے مخالفین کی نیندیں حرام ہوگئی ہیں ، وزیرحکومت نے امریکی سفیر رچرڈ اولسن کے دورہ آزادکشمیرکاخیرمقدم کرتے ہوئے ان کے دورہ کو آزادخطہ کی تعمیروترقی ، تعلیم ، زراعت اورہائیڈرل کے فروغ کے لئے سنگ میل قراردیاہے دریں اثناء صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرحکومت چوہدری محمدرشید نے کہاکہ مسلح افواج پاکستان ہمارے ماتھے کاجھومر ہے پاک فوج ملکی دفاع اور سرحدوں کی محافظ ہے پاکستانی قوم کی طرح کشمیری پاک فوج کی جدوجہد ، خدمات ، قربانیوں کوکبھی فراموش نہیں کرسکتے ، انہوں نے کہاکہ سیزفائر لائن پرموجودہ پاک فوج نہ صرف سرحدوں کی حفاظت میں مصروف عمل ہے بلکہ زلزلہ ہویا کوئی بھی ہنگامی صورتحال پاک فوج نے ہمیشہ خدمت کاسلسلہ جاری رکھا ۔