ڈالر کی قدر میں کمی اور اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری بہترین معاشی منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے‘رانا تنویر حسین ،پاکستان نہ صرف ایشیا بلکہ دنیا میں تیزی سے ترقی کرنے والی معیشتوں میں شامل ہو جائے گا‘ وفاقی وزیر دفاعی پیداوار

اتوار 13 اپریل 2014 20:14

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13اپریل۔2014ء) دفاعی پیداوار کے وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ آنے والا وقت پاکستان کا ہے۔ پاکستان نہ صرف ایشیا بلکہ دنیا میں تیزی سے ترقی کرنے والی میعشتوں میں شامل ہو جائے گا اندرونی اور بیرونی سرمایہ کاری کے لیے ماحول کو ساز گار بنایا جا رہا ہے، ملک کی اقتصادی صورتِحال روز بروز بہتر ہو رہی ہے، ڈالر کی قدر میں کمی اور اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری بہترین معاشی منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے،پاکستان دفاعی آلات کو دنیا میں متعارف کرواکر کثیر زرِ مبادلہ کماسکتا ہے۔

وہ اتوار کے روز ملائیشیا روانگی سے قبل شیخوپورہ میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر اپنے وفد کے ہمراہ ملائیشیا میں ہونے والی دفاعی آلات کی نمائش میں شرکت کیلئے ملائیشیاروانہ ہونگے۔

(جاری ہے)

اپنے دورہ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوے رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان کے ملائشیا کے ساتھ گہرے مضبوط اور برادرانہ تعلقات ہیں ہم ملائیشیا کی ترقی اور تجربات سے فائدہ اُٹھائیں گے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے ساتھ وفود کے تبادلوں سے ملائیشیا کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط ہونگے اُنہوں نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا بے شمار منصوبوں پر مشترکہ کام کر رہے ہیں اِن منصوبوں کی تکمیل سے ملک میں ترقی اور خوشحالی کی نئی راہیں کھلیں گی۔

اُنہوں نے کہا کہ برادر اسلامی ممالک کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط کرنے کیلئے منصوبہ بندی کے تحت کام کر رہے ہیں پاکستان جدید ترین دفاعی آلات تیار کر رہا ہے جنہیں برآمد کر کے نہ صرف ہم زرِ مبادلہ کما سکتے ہیں بلکہ اپنی معیشت کو بھی مضبوط کر سکتے ہیں نمائش کے موقع پر دنیا کے مختلف ممالک کے وفود کے ساتھ دفاعی آلات کی برآمد کے سلسلہ میں بات چیت کرینگے اُنہوں نے کہا کہ پاکستان سرمایہ کاری کیلئے اُبھرتی ہوئی مارکیٹ ہے یہاں انفراسٹرکچر اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ سرمایہ کاروں کو اِن مواقع سے فائدہ اُٹھانا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :