مرکزی حکومت خیبر پختونخوا کے عوام پر ظلم نہ کریں،شا ہ فرمان،صرف بیانات دینے سے کچھ نہیں ہوگا ،توانائی بحران کے خاتمے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے،میڈیا سے گفتگو

اتوار 13 اپریل 2014 20:29

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13اپریل۔2014ء)صوبائی وزیر اطلاعات شاہ فرمان نے کہا ہے کہ بجلی کے حوالے سے مرکزی حکومت خیبر پختونخوا کے عوام پر ظلم نہ کریں ۔صرف بیانات دینے سے کچھ نہیں ہوگا ،توانائی بحران کے خاتمے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے ۔پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ فرمان نے عابد شیر علی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عابد شیر علی بتائے کہ خیبر پختونخوا میں کتنی بجلی چوری ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب میں بجلی چوری کے آٹھ ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ خیبر پختونخوامیں صرف دو ہزار 61 بجلی چوری کے کیسز ملے ہیں۔عابد شیر علی کو چاہئے کہ وہ پہلے پنجاب میں چور پکڑے پھر یہاں آئے ۔ہائیڈل پاور کے ذریعے ہم سستی ترین بجلی حاصل کرسکتے ہیں۔لیکن اس کے اند ر وفاقی حکومت کی جانب سے کسی بھی قسم کی سرمایہ کاری سامنے نہیں آرہی ہے ۔ہمارے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جارہا ہے ۔ اگر موسم گرما میں یہاں پر لوڈ شیڈنگ جاری رہا تو احتجاج پر مجبور ہو جائینگے ۔ایک سوال کے جواب میں شاہ فرمان کا کہنا تھا نیپرا کی رپورٹ پر وزیر اعظم نوٹس لیں اور پر عابد شیر علی کو لگام دیں۔اُنکا کہنا تھا کہ بجلی کے مسلے پر انصاف کیلئے عدالت کا راستہ بھی اپنایا جا سکتا ہے ۔