عراق،دوبم دھماکوں کے نتیجے میں 22افرادہلاک،37زخمی،موصل میں فورسزکے قافلے کو نشانہ بنایاگیا، ڈیبس میں پولیس چوکی پربمبارنے خودکو دھماکے سے اڑادیا،حکام

اتوار 13 اپریل 2014 22:51

بغداد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13اپریل۔2014ء) عراق میں دوالگ الگ بم دھماکوں کے نتیجے میں پانچ سیکورٹی اہلکاروں سمیت 22افرادہلاک اور37زخمی ہوگئے ،زخمیوں کو فوری طورپراسپتال منتقل کردیاگیا،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اتوارکو پولیس حکام نے بتایاکہ پہلے واقعے میں موصل شہر کے ایک مصروف تجارتی علاقے میں پولیس اور فوج کے مشترکہ گشت کے قافلے کو بارود سے بھری کھڑی کار کے ذریعے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں پانچ سیکورٹی اہلکار اور نوشہری ہلاک ہو گئے،انہوں نے مزید بتایا کہ حملے میں18 دیگر افراد زخمی بھی ہوئے،موصل بغداد کے شمال مغرب میں تین سو ساٹھ کلو میٹر کی دوری پر واقع ہے،پولیس سربراہ نے بتایا کہ دوسرے واقعے میں شمالی شہر ڈیبس میں واقع چوکی پر خود کش کار بمبار نے اپنے آپ کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں آٹھ افراد ہلاک اور 19 زخمی ہو گئے،انہوں نے مزید کہا کہ حملے میں ہلاک اور زخمیوں میں شہری بھی شامل ہیں،یہ تازہ حملے عراق میں تیس اپریل کو منعقد انتخابات سے کچھ دن پہلے کیئے گئے ہیں، مغربی صوبے انبار کے کچھ حصوں میں پولنگ نہیں ہو گی، جہاں سیکورٹی فورسز اور جنگجوں کے درمیان شدید لڑائی ہو رہی ہے ،عراق میں گزشتہ سال سے تشدد میں اضافہ ہو گیا ہے،2013میں ہلاکتوں کی تعداد 2007کے مقابلے میں زیادہ دیکھی گئی تھی جب ملک بدترین فرقہ وارانہ فسادات کی آگ میں جل رہا تھا،اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق عراق میں گزشتہ سال تشدد کے واقعات میں 8800سے زیادہ لوگ ہلاک ہو گئے تھے,کسی بھی گروپ نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی تاہم القاعدہ سے منسلک تنظیم اسلامک اسٹیٹ آف عراق خود کش حملوں میں عراقی سیکورٹی فورسز اور پولیس کو نشانہ بناتے رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :