Live Updates

حکومت ایک مرتبہ پھر 12 اکتوبر کی طرف جا رہی ہے،2014ء حکومت کیلئے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے، شیخ رشید ،نواز شریف فوج کو نشانہ بنانے والے وزرا ء کا نوٹس لیں،عمران خان سے ملکر 11 مئی کو انتخابی دھاندلیوں کیخلاف احتجاج کرینگے

اتوار 13 اپریل 2014 22:51

حکومت ایک مرتبہ پھر 12 اکتوبر کی طرف جا رہی ہے،2014ء حکومت کیلئے خطرناک ..

لاہور/شیخوپورہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13اپریل۔2014ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ 2014ء حکومت کیلئے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے، نواز شریف فوج کو نشانہ بنانے والے وزرا ء کا نوٹس لیں۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان سے مل کر 11 مئی کو انتخابی دھاندلیوں کیخلاف احتجاج کریں گے۔ وزیراعظم مذاکرات کے دوران بیرونی دوروں میں مصروف ہیں۔

لگتا ہے کہ حکومت مذاکرات کو سنجیدگی سے نہیں لے رہی۔ موجودہ حکومت اور فوج میں پیدا ہونی والی دوریوں سے کئی حادثات جنم لے سکتے ہیں۔ شیخوپورہ میں عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ حکومت ایک مرتبہ پھر 12 اکتوبر کی طرف جا رہی ہے۔ موجودہ حکومت کو امریکہ کی طرف سے چار نکاتی ایجنڈہ دیا گیا ہے کہ خطے میں بھارت کی خواہش کے مطابق دوستی رکھی جائے، کشمیر اور پانی کا حق مانگنے سے گریز کیا جائے اور دنیا کی عظیم ترین فوج کو طعنے دلوائے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کے تمام ائیر پورٹ اور امیگریشن کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور (ن)لیگ کا سمجھوتہ ہو چکا ہے۔ دونوں ایک دوسرے کا ساتھ دے رہے ہیں۔ کہتے ہیں کہ پرویز مشرف فوج کا حصہ نہیں ہے یہ بات بالکل غلط ہے۔ مشرف فوج کا ہی حصہ ہے۔ اگر مشرف کے ساتھ سے فوج کو ہٹا دیا جائے تو مشرف کی کوئی حیثیت نہیں رہتی۔ شیخ رشید نے سیاسی پارٹیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر غریب کو اس کا حق دینا ہے تو تمام جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر اکھٹی ہو جائیں۔ اگر سیاسی پارٹیاں اسی طرح الگ الگ رہی تو نواز شریف کا مقصد پورا ہو جائے گا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات