تمام اداروں کو حقیقی معنوں میں عوامی امنگوں کے مطابق فعال بنائی جائیگی،عنایت اللہ خان،حکومت عوامی جمہوری اصولوں پر یقین رکھتی ہے ، اداروں میں میرٹ و قانون کی بالادستی چاہتی ہے ، وزیر بلدیات خیبرپختونخوا

پیر 14 اپریل 2014 20:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14اپریل۔2014ء) خیبر پختونخوا کے وزیر بلدیات و دیہی ترقی عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت تمام اداروں کو حقیقی معنوں میں عوامی امنگوں کے مطابق فعال بنائے گی جہاں کرپشن کا خاتمہ ہوگا اور میرٹ کی بالا دستی ہوگی۔وہ اپنے دفتر پشاور میں کرک، نوشہرہ، پشاور، بونیر اور دیر بالا کے اضلاع سے آئے ہوئے وفود سے بات چیت کر رہے تھے۔

وفود نے صوبائی وزیر کو اپنے علاقوں سے متعلق درپیش مسائل سے آگاہ کیا جن میں صحت،تعلیم اوربلدیات کے محکموں میں تقرریوں،میونسپل سروسز،بس اڈوں،ٹینڈرز اور ٹھیکوں کے اجراء میں بے قاعدگیوں اور سڑکوں و شاہراؤں کی تعمیر و مرمت شامل تھیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت کا اداروں سے کرپشن و کمیشن کا خاتمہ اولین ترجیح ہے اور صوبائی حکومت عوامی جمہوری اصولوں پر یقین رکھتی ہے ، اداروں میں میرٹ و قانون کی بالادستی چاہتی ہے اور محکموں کے متعلقہ حکام سے بھی یہ توقع رکھتی ہے کہ وہ مسائل کے حل کے سلسلے میں حکومتی کاوشوں کو کامیابی سے ہمکنار کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔

(جاری ہے)

عنایت اللہ خان نے کہا کہ صوبے میں بلدیاتی انتخابات کروا کے اختیارات نچلی سطح تک عوام کو منتقل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے کئی منصوبوں پر کام کر رہی ے لہذا عوام متحد ہو کر جاری ترقیاتی سکیموں پر نظر رکھیں تاکہ ان کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جاسکے۔صوبائی وزیر نے بلدیات سے متعلق مسائل کا نوٹس لیتے ہوئے موقع پر ہی حل کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :