مرکز میں آنے والی حکومت سے پی ڈی پی الگ نہیں ہوگی‘مفتی محمد سعید

منگل 15 اپریل 2014 14:09

سرینگر(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15اپریل 2014ء) آنے والے کل کو پی ڈی پی کا کل قرار دیتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ مفتی محمد سعید نے کہا ہے کہ مرکز میں آنے والی حکومت سے پی ڈی پی الگ نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کو الیکشن بائیکاٹ سے فائدہ پہنچتا ہے وہی لوگ چالوں کا سہارا لے کر اس طرح کی حرکتیں کرتے ہیں ۔پلوامہ کے تملہ ہال شاہورہ، لاسی پورہ ، وچی ، دیکاپورا اور ہرمین علاقوں میں کئی مقامات پر عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے مفتی محمد سعید نے کہا کہ بائیکاٹ اور الیکشن مخالف پوسڑ چسپاں کرنا ان لوگوں کی چال ہے جو الیکشن بائیکاٹ پر یقین رکھتے ہیں اور جن کو اس سے فائدہ پہنچتا ہی۔

انہوں نے کہا کہ آنے والا کل ضرور آئے گا اور آنے والا کل پی ڈی پی کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والا کل کوئی ٹال نہیں سکتا ہے اور آنے والے وقت میں اب تبدیلی آئے گی ۔

(جاری ہے)

مفتی محمد سعید نے کہا کہ مرکز میں آنے والی حکومت سے ہم الگ نہیں ہونگی۔انہوں نے کہا آج کل پی ڈی پی کا ریاست گیر ماحول ہے اور ہمارے قول و فعل میں تضاد نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی کے دوراقتدار میں کسی کو نماز جمعہ ادا کرنے سے نہیں روکا جاتا تھا اور نہ ہی کسی کو نظر بند کیا جاتا تھا بلکہ جیلوں سے لوگوں کو باہر نکالا گیا اور خوف و دہشت کے ماحول کو ختم کیا گیا ۔

مفتی سعید نے کہا کہ یہاں کے نوجوان پر طرح طرح کا ظلم کیا جاتا تھا مگر پی ڈی پی نے قلیل دور میں ہی اس ظلم کا خاتمہ کیا ،رشوت ستانی پر روک لگائی اور رہبر تعلیم ،آنگن وارڑی اور دیگر سکیموں کے تحت 2لاکھ پڑھے لکھے نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا۔انہوں نے کہا کہ سرینگر مظفر آباد روڈ ،مغل روڈ اور دیگر کئی شاہراہیں کھولنے کے ساتھ ساتھ پی ڈی پی نے یہاں کے نوجوانوں کو اچھی تعلیم دلانے کیلئے ریاست میں 2یونیورسٹیاں قائم کیں ۔

مفتی محمد سعید نے کہا کہ ہمارے دور حکومت میں بھارت نے خزانے کھول دئیے کیونکہ دلی کو لگا کہ اب ریاست کے لوگوں کے ساتھ اب انصاف ہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو چاہئے کہ وہ نیشنل کانفرنس کو اب جواب دیں اور جموں و کشمیر کی نمائدہ سیاسی جماعت پی ڈی پی کے حق میں ووٹ دے کر محبوبہ مفتی کو کامیاب بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ محبوبہ مفتی نے اپنی صلاحیتوں کالوہا منوایا ہے اور وہ عوام کی بے لاگ اور پر خلوص نمائندگی کرنے کی اہلیت رکھتی ہیں۔

بطور ایم ایل اے محبوبہ مفتی نے نہ صرف لوگوں کے آنسو پونچھے بلکہ ان کے روزمرہ کے مسائل کو حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی۔ محبوبہ مفتی کی بطور ممبر اسمبلی خدمات کو سراہتے ہوئے پی ڈی پی سرپرست نے کہا کہ آپ کو پارلیمنٹ میں ایک ایسے نمائندہ کی ضرورت ہے جو لوگوں کے مسائل کو پوری قوت کے ساتھ ملک کے سب سے بڑے جمہوری ادارہ میں اٹھا کر انہیں حل کروا سکے بالخصوص نوجوانوں اور کسانوں کے لئے ایک ٹھوس ایجنڈ ے کے تحت مراعات حاصل کر سکی۔

مفتی محمد سعید نے کہا کہ ہم یہ الیکشن لوک سبھا میں مخلص امیدوار بھیجنے کے لئے لڑ رہے ہیں تا کہ جموں کشمیر کی آواز کو اخلاص کے ساتھ پارلیمنٹ میں پہنچایا جا سکی۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی امیدواروں کے حق میں دیا جانے والا ووٹ جموں کشمیر میں تبدیلی کا محرک ثابت ہوگا کیوں کہ پوری ریاست میں تبدیلی کی ہوائیں چل رہی ہیں اور پی ڈی پی جموں کشمیر کے مستقبل کے طور پر ابھر کر سامنے آئی ہے ۔ مفتی سعید کے روڈ شوز کے دوران پر تپاک استقبال کیا گیا۔ان کے ہمرہ سعید بشیر ایم ایل ای، وحیدالرحمان پرہ، محمد خلیل نائیک، غلام محی الدین، غلام حسن،مظفر، محسن اور دیگران نے بھی اس موقعہ پر خطاب کیا۔