چیئرمین پریس فاؤنڈیشن جسٹس ایم تبسم آفتاب علوی نے فاؤنڈیشن مانیٹرنگ کمیٹی کی منظوری دیدی

بدھ 16 اپریل 2014 16:06

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16اپریل 2014ء)چیئرمین پریس فاؤنڈیشن جسٹس ایم تبسم آفتاب علوی نے فاؤنڈیشن مانیٹرنگ کمیٹی (FMC) کی منظوری دے دی ہے جس کے چیئرمین سینئر صحافی امتیاز احمد اعوان جبکہ ممبران میں مظفرآباد سے راجہ شوکت اقبال ، پونچھ سے سردار قضیم خان ، میرپور سے راجہ حبیب اللہ خان ، راولپنڈی / اسلام آباد سے بشارت عباسی اور تینوں ڈویژنز کے انفارمیشن آفیسران شامل ہیں ۔

کمیٹی آزاد کشمیر اور پاکستان بھر کے صحافیوں اور ممبران کا معیار ، ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد اور فعال و غیر فعال صحافیوں کے خلاف شکایات کا جائزہ لے گی اور کسی بھی صحافی سے اس کی نگارشات طلب کرنے کی مجاز ہو گی ۔ کمیٹی کے جملہ ممبران کسی سیاسی یا تنظیمی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکیں گے جبکہ چیئرمین کمیٹی کو مکمل غیر جانبداری اور ایمانداری کا حلف اٹھانا ہو گا ۔

(جاری ہے)

کمیٹی مستقبل میں ممبران کی جانب سے دیئے گئے کوائف کی بھی جانچ پڑتال کرے گی اور کسی بھی صحافی کی رکنیت ختم کرنے کے حوالے سے فاؤنڈیشن کو سفارشات پیش کرنے کیلئے مکمل بااختیار ہو گی ۔ علاوہ ازیں فاؤنڈیشن کے واجبات بروقت جمع نہ کرانے اور غلط بیانی سے امدادی رقم حاصل کرنے والوں کے خلاف درخواستوں اور شکایات کے ساتھ از خود نوٹس لینے کی مجاز ہو گی اور حتمی فیصلہ چیئرمین ، وائس چیئرمین اور بورڈ آف گورنرز کو ارسال کرے گی ۔ کسی صحافی کو کمیٹی کے کسی ممبر پر اعتراض ہو تو پندرہ دن کے اندر مکمل ثبوت کے ساتھ اپنی شکایت ارسال کر سکتا ہے ۔