اماراتی حکومت سے رابطہ ہے،آغامعتصم بارے تاحال پتہ نہیں چل سکا،افغانستان،عرب امارات حکومت آغامعتصم کا پتہ لگائے تاکہ طالبان سے مذاکرات کو کامیاب بنایاجاسکے،بیان

بدھ 16 اپریل 2014 20:38

اماراتی حکومت سے رابطہ ہے،آغامعتصم بارے تاحال پتہ نہیں چل سکا،افغانستان،عرب ..

کابل(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16اپریل۔2014ء) افغانستان نے ایک مرتبہ پھرطالبان رہنما آغاجان معتصم کے لاپتہ ہونے پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ اس سلسلے میں حکومت متحدہ عرب امارات سے مسلسل رابطے میں ہیں مگر افسوس ہے کہ ابھی تک کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی،میڈیارپورٹس کے مطابق افغان وزارت خارجہ سے جاری بیان میں کہاگیاکہ سینئرطالبان رہنماء آغاجان معتصم کو لاپتہ ہوئے چاردن گزرگئے ہیں لیکن ابھی تک ان کے بارے میں پتہ نہیں چل سکاہے ،بیان کے مطابق افغان حکومت مسلسل اماراتی حکومت کے ساتھ رابطہ جاری رکھے ہوئے ہے اوراس سلسلے میں متحدہ عرب امارات کی حکومت سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس سلسلے میں خاطرخواہ اقدامات کرے تاکہ طالبان کے ساتھ امن مذاکرات کو کامیاب بنایاجاسکے اورملک میں امن قائم کیاجائے،بیان میں کہاگیاکہ طالبان رہنما آغاجان معتصم ترکی سے چند ہفتے پہلے متحدہ عرب امارات آئے تھے اوردبئی میں مقیم تھے،بیان میں یہ خدشہ بھی ظاہرکیاگیاکہ ہوسکتاہے آغا جان کو اغواء کرلیا گیاہو،واضح رہے کہ کابل امن شوری دو مرتبہ آغا جان سے افغانستان میں امن بات چیت کے حوالے سے مذاکرات کرچکی ہے۔