عام انتخابات میں دھاندلی کیخلاف پارٹی قیادت جب بھی حکم دے گی ،سڑکوں پر آنے کیلئے تیار ہیں ‘ میاں محمود الرشید ،حکمرانوں کے نہیں بلکہ ناقص حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے عوام کے ”ہاتھ پاؤں پھول“ رہے ہیں ‘ اپوزیشن لیڈر

بدھ 16 اپریل 2014 21:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16اپریل۔2014ء) اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں ہونے والی دھاندلی کے خلاف پارٹی قیادت جب بھی حکم دے گی لاہور سمیت پنجاب بھر میں سڑکوں پر آنے کیلئے تیار ہیں ‘ حکمرانوں کو انتخابی مہم میں کئے جانے والے وعدوں کا ہر صورت جواب دینا ہو گا ‘حکمرانوں کے نہیں بلکہ ناقص حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے عوام کے ”ہاتھ پاؤں پھول“ رہے ہیں ‘(ن)لیگ اب قوم کو تسلیوں پر ٹرخا نہیں سکتی انہیں ہر صورت بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے اور ملک میں امن کا وعدہ پورا کرنا ہو گا ۔

گذشتہ روز اپنے دفترمیں تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی اور پارٹی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے میاں محمود الرشید نے کہاکہ (ن)لیگ کی قیادت عام انتخابات میں بڑے بڑے نعرے لگاتی رہی لیکن اب یہ قوم کو تسلیوں پر ٹرخا نا چاہتے ہیں جو کسی بھی صورت ممکن نہیں اور عوام ان سے ہر وعدے کا حساب لیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے حکمران 6ماہ میں لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا نعرہ لگاتے رہے اور نعرہ پورا نہ کرنے پر نام بدلنے کی بات بھی کرتے رہے لیکن اب یہ صرف قوم کو تسلیاں دے رہے ہیں اس سے کام نہیں چلے گا حکومت کو اپنے ایک ایک وعدے پر عمل درآمد کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہاکہ عام انتخابات میں ہونے والی دھاندلی کے خلاف پارٹی قیادت جب بھی حکم دے گی لاہور سمیت پنجاب بھر میں سڑکوں پر آنے کیلئے تیار ہیں اور حکمرانوں کی دھاندلی کا پول کھول کرہی رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :