تمام ادارے ایک دوسرے کے تقدس کا خیال رکھیں، قومی سلامتی کمیٹی

جمعرات 17 اپریل 2014 17:31

تمام ادارے ایک دوسرے کے تقدس کا خیال رکھیں، قومی سلامتی کمیٹی

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17اپریل 2014ء) تمام اداروں کو ایک دوسرے کے تقدس کا خیال رکھنا چاہیے، قومی سلامتی کمیٹی کا فیصلہ، سیاسی اور عسکری قیادت نے اس تصور کی توثیق کی ہے کہ عوام کی خوشحالی کے لئے تنازعات میں پڑنے کے بجائے ترقی کی راہ پر چلنا ہو گا۔ قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا۔

اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر داخلہ چوہدری نثار، وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور مشیر خارجہ سرتاج عزیز شریک تھے۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل راشد محمود، آرمی چیف جنرل راحیل شریف سمیت تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ظہیرالاسلام، ڈی جی آئی بی آفتاب سلطان اور سیکرٹری دفاع لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ آصف یاسین ملک بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں قومی سلامتی اور دفاع سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں طالبان کی طرف سے جنگ بندی ختم کرنے اور افغانستان کے صدارتی انتخابات کے بعد کی صورتحال پر غور کیا گیا۔ ڈی جی آئی ایس آئی نے داخلی امور، پاک افغان بارڈر کی صورتحال، کراچی آپریشن اور بلوچستان کی صورتحال پر بریفنگ دی جبکہ وزیر داخلہ نے داخلی سیکیورٹی، مغربی سرحدوں، بلوچستان کی صورتحال اور طالبان سے مذاکرات پر بریفنگ دی۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ملک کی معاشی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں یورو بانڈ کو بہت پذیرائی ملی ہے۔ عالمی مالیاتی ادارے پاکستان پر اپنے اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم محمد نواز شریف کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کمیٹی ایک اعلیٰ فورم ہے جہاں نیشنل سیکیورٹی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا جاتا ہے اور تمام ادارے اپنا نکتہ نظر بیان کرتے ہیں جس سے حکومت کو اہم امور پر فیصلے کرنے میں مدد ملتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس فورم کے فیصلے اجتماعی دانشمندی کا مظہر ہوتے ہیں ۔ وزیراعظم نے کمیٹی کو اپنے حالیہ دورہ چین کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ انفراسٹرکچر، ریلوے اور توانائی کے شعبے میں چین 35 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔ انہوں نے پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبے سے بھی آگاہ کیا۔ قومی سلامتی کمیٹی کی جانب سے اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ پاکستان کو امن کا گہوارہ بنایا جائے گا۔ ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات بہترین کئے جائیں گے اور پاکستان کسی بھی قسم کے تنازعات میں الجھنے کے بجائے ترقی کے راستے کو اپنائے گا۔

متعلقہ عنوان :