Live Updates

خواتین ملک کی نصف آبادی کی حد عبور کر چکی ہیں،مشتاق احمدغنی، انہیں زیور تعلیم سے آراستہ کرنا اورملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے دوڑ میں شامل کرنا وقت کا تقاضا ہے، تحریک انصاف کی مخلوط حکومت خواتین کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ اس لئے دے رہی ہے،صوبائی وزیراعلی تعلیم

ہفتہ 19 اپریل 2014 22:17

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19اپریل۔2014ء) خیبر پختونخوا کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مشتاق احمد غنی نے کہا ہے کہ خواتین ملک کی نصف آبادی کی حد عبور کر چکی ہیں اس لئے انہیں زیور تعلیم سے آراستہ کرنا اورملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے دوڑ میں شامل کرنا وقت کا تقاضا ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی مخلوط حکومت خواتین کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ اس لئے دے رہی ہے تاکہ وہ صوبے کی ترقی میں اپنا بھر پور کردار ادا کر سکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز جناح کالج برائے خواتین کے21ویں کانوکیشن کے موقع پر بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وائس چانسلر پشاور یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ایم رسول جان، پرنسپل جنا ح کالج پروفیسر ڈاکتر نیلوفرزیب ارباب اور طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ اس ادارے کا شمار ملک کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں ہوتا ہے اور یہ ادارہ شعبہ تعلیم میں گراں قدر خدمات سر انجام دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس ادارے سے فارغ التحصیل طالبات ملک کے طول و عرض میں مادر وطن کی تعمیر و ترقی کیلئے اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ خواتین کو زیور تعلیم سے آراستہ کئے بغیر ایک خوشحال معاشرے کا قیام ممکن نہیں ۔وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ قائد تحریک انصاف عمران خان کے ویژن کے مطابق ملک و قوم کی ترقی اور معاشرے میں درپیش مسائل کا حل حصول تعلیم میں مضمر ہیں یہی وجہ ہے کہ حکومت نے پچھلے سال سے بچوں کو سرکاری سکولوں میں مفت داخلہ مہم شروع کر رکھی ہے جس کی بدولت لاکھوں بچوں اور بچیوں کو نہ صرف سکولوں میں داخل کروادیا گیا ہے بلکہ انہیں مفت کتب بھی فراہم کر دی گئی ہیں۔

مشتاق غنی نے کہا کہ گزشتہ سال کی طرح امسال بھی سرکاری سکولوں میں داخلہ مہم جاری ہے تاکہ عوام اپنے بچوں کو سکولوں میں داخل کرائیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سکول داخلہ مہم اس وقت تک جاری رہے گا جب تک سو فیصد بچوں کو سکولوں میں داخل نہیں کرایا جائیگا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبے میں یکساں نظام تعلیم کا نفاذ تحریک انصاف کی حکومت کا ایک بڑا کارنامہ ہے جس کی بدولت اب غریب بچے بھی جدید عصری تعلیم حاصل کر سکیں گے اور اس سے نہ صرف ان کی محرومیوں کا ازالہ ہوگا بلکہ نجی تعلیمی اداروں میں آنے والوں کے ساتھ مقابلہ کا رجحان بھی پیدا ہوگا۔

قبل ازیں انہوں نے جناح کالج برائے خواتین سے2011ء تا2013 ء فارغ التحصیل طالبات میں اسناد تقسیم کیں اور نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طالبات میں گولڈ مڈل بھی دیئے۔بعد ازاں پشاور یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ایم رسول جان نے صوبائی وزیر کو سوینئر بھی پیش کیا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات