حکومت واہگہ ایگری ٹریڈ کمیٹی کے ذریعے زرعی اجناس کی تجارت کی مانیٹرنگ کرے گی، وزیر تجارت خرم دستگیر ،ملک کے کسانوں کو کسی صورت غیر نفع بخش حالات کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے ،اجلاس سے خطاب

ہفتہ 19 اپریل 2014 22:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19اپریل۔2014ء)وفاقی وزیر تجارت انجینئرخرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ حکومت واہگہ ایگری ٹریڈ کمیٹی کے ذریعے زرعی اجناس کی تجارت کی مانیٹرنگ کرے گی، ملک کے کسانوں کو کسی صورت غیر نفع بخش حالات کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے، زرعی تجارت کی مانیٹرنگ کیلئے وزارت تجارت میں انڈیا سیل بھی قائم کر دیا گیا ہے جو واہگہ ایگری ٹریڈ کمیٹی اور دوسرے متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے میں رہ کر زرعی تجارت کی کڑی نگرانی کرے گا۔

اوہ وزارت تجارت کے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ واہگہ ایگری ٹریڈ کمیٹی اور انڈیا سیل باقاعدگی سے وفاقی وزیر کو رپورٹ پیش کرے گا۔وفاقی وزیر نے واہگہ ایگری ٹریڈ کمیٹی کوتفویض کردہ ذمہ داریوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ یہ کمیٹی واہگہ کے ذریعے زرعی اجناس کی تجارت کی نگرانی اور تجارت سے متعلق معاملات پر تجاویز پیش کرے گی۔

(جاری ہے)

کمیٹی درآمدات و بر آمدات کی تفصیلات کا ریکاڈ، درآمدی اشیاء کی قیمتوں کی نگرانی، سپلائی کی صورتحال،درآمدی اشیاء کی ڈمپنگ وغیرہ کے معاملات پر کڑی نظر رکھے گی اور کسی بھی پیش آمدہ تجارتی مسئلے کے حل کیلئے تجاویز پیش کرے گی۔ کمیٹی ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی لاہور کے تحت کام کرے گی اور کمیٹی میں پاکستان کسٹمز واہگہ لاہور، نیشنل لاجسٹک سیل واہگہ لاہور، پاکستان نیشنل ایکریڈٹیشن کونسل، ڈیپارٹمنٹ آف پلانٹ پروٹیکشن کراچی، اینیمل قوارنٹائن ڈیپارٹمنٹ لاہور،صوبائی محکمہ زراعت، ضلعی انتظامیہ لاہور، فارمرز ایسوسی ایشن پاکستان کے صدر، رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن پاکستان کے چیر مین، پاکستان کسان اتحاد کے چیئرمین، آل پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ایکسپورٹر اینڈ امپورٹر اینڈمرچنٹ ایسوسی ایشن کے صدر، مارکیٹ کمیٹیوں کے صدوراور متعدد زرعی تنظیموں کے نمائندے شامل ہوں گے۔