وزیر تعلیم خیبر پختونخوا کی زیر صدارت تمام اضلاع کے تعلیمی بورڈ کا اجلاس، تمام تعلیمی بورڈز اپنی ذمہ داری ایمانداری اور محنت سے انجام دیں، انٹر میڈیٹ کے شفاف امتحانات کے انعقادکو یقینی بنایا جائے گا، محمد عاطف

اتوار 20 اپریل 2014 20:01

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20اپریل۔2014ء) خیبر پختونخو کے وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ تمام تعلیمی بورڈز اپنی ذمہ داری ایمانداری اور محنت سے انجام دیں اگر کسی کو اپنے فرائض کی ادائیگی میں کسی بھی قسم کے مسائل کا سامنا ہے تو ان کو حل کیا جائے گا لیکن بچوں کے مستقبل پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات کے شفاف انعقاد اور نقل کی روک تھام سے متعلق منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ضلع پشاور، ایبٹ آباد، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں، کوہاٹ، مردان، مالاکنڈ، سوات بورڈز کے چئیرمینوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبہ بھر میں انٹر میڈیٹ کے شفاف امتحانات کے انعقاد اور نقل کے فروغ کی بیخ کنی کے لئے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا جبکہ اس مقصد کے لئے فوری طور پر مختلف اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا جن میں پاکٹ گائیڈ کا استعمال جو کہ ایک غیر قانونی فعل ہے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

جس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ امتحانی ہالز میں خفیہ کیمروں کی تنصیب بھی عمل میں لائی جائے گی۔ اس کے علاوہ اجلاس میں امتحانی مراکز میں قابل اعتبار سپر وائزری سٹاف کی تعیناتی، سوالیہ پیپر کی ریکارڈ اوپننگ اور امتحانی مراکز حدود میں 400میٹر تک دفعہ 144 کے نفاز کی تجاویز پر بھی غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ نقل مافیا کے خلاف سخت ترین ایکشن لیا جائے ۔

امتحانات میں نقل کی وجہ سے غریب اور قابل طلباو طالبات کی حق تلفی ہو رہی ہے اور یہ ایک ظلم ہے جو کہ نا قابل معافی ہے۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ امتحانی عملہ کی تعیناتی میرٹ پر یقینی بنائی جائے اگر اس سے متعلق کسی بھی قسم کی شکائت موصول ہوئی تومتعلقہ چئیرمین بورڈ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :