بھارت ظلم وتشدد اور گرفتاریوں سے کشمیری عوام کو جدوجہد آزادی سے نہیں روک سکتا‘یاسین ملک

منگل 22 اپریل 2014 16:42

سرینگر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22اپریل 2014ء) مقبوضہ کشمیر میں جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے نام نہاد انتخابات کی پرامن بائیکاٹ مہم کو روکنے کیلئے بھارتی پولیس کی طرف سے آزادی پسند رہنماؤں اور کارکنوں گرفتاری کی شدیدمذمت کی ہے ۔ لبریشن فرنت کے چیئرمین نے جو ایڈووکیٹ بشیر احمد بٹ ، بشیر احمد کشمیری اور محمد عظیم زرگر سمیت پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پولیس کی حراست میں ہیں اس کارروائی کو غیر جمہوری اور ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال قراردیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کریک ڈاوٴنز ، گرفتاریوں اور چھاپوں نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی قابض انتظامیہ اور اس کی کٹھ پتلیاں آزادی پسند رہنماؤں کا سیاسی طورپر مقابلہ کرنے میں ناکام ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت ، اس کے کٹھ پتلیوں اور فوجیوں کو یہ بات ذہن میں رکھنی چاہیے کہ ظلم وتشدد اور گرفتاریوں کے ذریعے کشمیری عوام کو اپنی حق پر مبنی جدوجہد آزادی جاری رکھنے سے روکا نہیں جاسکتا ۔

دریں اثنا ء لبریشن فرنٹ کے ترجمان نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا ہے کہ پولیس نے پارٹی کے کارکنوں ارشد احمد بٹ ، فیاض احمد اورامتیاز احمد کو انکے گھروں سے گرفتار کرلیا ہے اورارشد احمد کو اسلام آباد ڈسٹرکٹ جیل میں جبکہ فیاض احمد اورامتیاز احمد سرینگر سینٹرل جیل میں نظربند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے سرینگر کے علاقوں پادداشی باغ ،سوئی ٹینگ اورلسجن میں شوکت احمد بخشی سمیت لبریشن فرنٹ کے رہنماؤں اور کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے اور اہلخانہ کو ہراساں کیا ۔ انہوں نے کہاکہ پولیس پوری وادی کشمیرمیں لبریشن فرنٹ کے رہنماؤں اور کارکنوں کو تلاش کر رہی ہے ۔

متعلقہ عنوان :