اپوزیشن لیڈر محمود الرشید کا بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ اور حکومتی پالیسیوں کیخلاف آئندہ اجلاس میں بھر پور احتجاج کا اعلان

جمعہ 25 اپریل 2014 19:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25اپریل۔2014ء) اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ اور حکومتی پالیسیوں کے خلاف آئندہ اجلاس میں بھر پور احتجاج کیاجائیگا ‘کسانوں سے گندم کا ایک ایک دانہ خریدنے کی بات کرنے والے حکمرانوں نے کسانوں کو بھی بے یارو مددگار چھوڑ دیا ہے‘حکمران صرف باتیں کرتے ہیں عملی طور پر ان کی کارکردگی زیرو ہے ۔

جمعہ کے روز پنجاب اسمبلی میں اراکین اسمبلی اور پارٹی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے میاں محمود الرشید نے کہاکہ (ن)لیگ نے عام انتخابات میں قوم سے جو بھی وعدے کئے ان پر آج تک عمل نہیں ہو سکا اور یہی وجہ ہے کہ پنجاب کے عوام حکمرانوں سے تنگ آ چکے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پنجاب میں (ن)لیگ کے لوگ بڑے بڑے دعوے کرتے اور نعرے لگاتے رہے لیکن اقتدار میں آنے کے بعد یہ تمام نعروں اور دعوؤں کو بھول چکے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ گرمی کا ابھی آغاز ہی ہوا ہے کہ پنجاب میں بد ترین غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ شروع کر دی گئی ہے مگر ماضی میں احتجاجی مظاہرہ کرنے والے حکمران اب خاموش کیوں ہیں؟تحریک انصاف بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور دیگر عوامی مسائل پر خاموش نہیں رہے گی اور پنجاب اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں حکومتی پالیسیوں کے خلاف شدید احتجاج کیاجائے اور حکمرانوں کو مجبور کریں گے کہ وہ عوام سے کئے جانے والا ہر وعدہ پورا کریں۔

متعلقہ عنوان :