رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز کا بیجنگ میں اورینج لائن میٹرو ٹرین سروس کا دورہ،حمزہ شہبازاور پاکستانی وفد کے اراکان نے اورینج لائن ٹرین میں سوار ہو کر شہر میں سفر کیا،لاہور میں بھی اورینج لائن ٹرین سروس کامیاب رہے گی‘ شہریوں کو آرام دہ اور محفوظ سہولت میسر آئے گی‘ حمزہ شہباز

جمعہ 25 اپریل 2014 20:30

رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز کا بیجنگ میں اورینج لائن میٹرو ٹرین سروس ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25اپریل۔2014ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی حمزہ شہبازشریف کی قیادت میں چین کے دورے پر آئے ہوئے نوجوان ارکان اسمبلی کے وفد نے بیجنگ میں شہریوں کے لئے چلنے والی اورینج لائن میٹرو ٹرین سروس کا دورہ کیا۔ ٹرین سروس کے حکام نے حمزہ شہباز اور وفد کے دیگر ارکان کو اورینج لائن میٹرو ٹرین سروس کے بارے میں تفصلی بریفنگ دی۔

وفد نے میٹرو ٹرین کے زیرزمین ٹرمینل کا دورہ کیا۔ بعد ازاں حمزہ شہبازشریف اور وفد کے دیگر ارکان نے چینی حکام کے ساتھ میٹرو ٹرین میں سفر کیا اور شہری انتظامیہ کی طرف سے عوام کو فراہم کی گئی اس سفری سہولت کی افادیت اور کارکردگی کا بغور جائزہ لیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہبازشریف نے کہا کہ اورینج لائن میٹروٹرین سروس بیجنگ شہر میں بے حد کامیاب ہے۔

(جاری ہے)

اس منصوبے کی بیجنگ میں کامیابی دیکھتے ہوئے پنجاب حکومت نے اسے لاہور شہر میں بھی چینی حکومت کے تعاون سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اورینج لائن میٹرو ٹرین ایک نہایت آرام دہ‘ محفوظ‘ کم خرچ اور ماحول دوست سواری ہے۔ اس کا بیجنگ ماڈل دیکھنے کے بعد یقین ہو گیا ہے کہ لاہور میں بھی یہ منصوبہ نہایت کامیاب رہے گا۔ وفد کے دیگر ارکان نے بھی اورینج لائن میٹرو ٹرین سروس کے بارے میں مثبت خیالات کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ حمزہ شہبازشریف کی قیادت میں 15ارکان پر مشتمل ینگ پارلیمینٹیرینز کا وفد ان دنوں چین کے دورے پر ہے۔